انگلینڈ دوسری با ر ٹی 20 ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا

 


میلبورن (رپورٹ: سید وزیر علی قادری)آئی سی سی ٹی20ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5وکٹوں سے ہرا کر دوسری مرتبہ ٹی20 عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، پاکستانی ٹیم میلبورن کے میدان میں 1992 کی تاریخ نہ دہرا سکی، پاکستان کے صدر، وزیراعظم، گورنر سندھ و دیگر کی انگلینڈ کو چیمپئن اور قومی ٹیم کو بھرپور مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے فائنلمیچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے 29رنز کا آغاز فراہم کیا، محمد رضوان پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنا کر سیم کرن کی گیند پر بولڈ ہو ئے، اننگز کے8ویں اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب محمد حارث 8رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر بین ا سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر بابر اعظم اور شان مسعود نے مل کر ٹیم کا ا سکور 84تک پہنچایا، بابر اعظم کو عادل رشید نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر 32 رنز پر آئوٹ کیا، اگلے اوور میں افتخار احمد بھی 6گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے بین ا سٹوکس کی گیند پرکیچ آئوٹ ہو گئے، شان مسعود اور شاداب خان نے 5ویں وکٹ میں 36رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا اسکور 121تک پہنچا دیا، اس موقع پر شان مسعود سیم کرن کی گیند پرکیچ دے بیٹھے، انہوں نے 27 گیندوں پر38 رنز بنائے، اگلے ہی اوور میں کرس جورڈن نے شاداب خان کو 20کے مجموعی ا سکور پر آئوٹ کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، محمد نواز بھی صرف5رنز بنا کر سیم کرن کی گیند پرکیچ آئوٹ ہو گئے، محمد وسیم کو 4 کے انفرادی ا سکور پر کرس جورڈن نے آئوٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی 5 اور حارث رئوف ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے، انگلینڈ کی طرف سے سیم کرن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 12رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کیں، عادل رشید اور کرس جورڈن نے 2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی ذمے دارنہ بیٹنگ کی بدولت 19اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بین اسٹوکس نے 49گیندوں پر 52رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 5چوکے شامل تھے، دیگر بیٹرز میں کپتان جوز بٹلر 26، ہیری بروک 20اور معین علی 19رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے حارث رئوف نے2 جبکے شاداب خان، محمد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، انگلینڈ کے سیم کرن کو میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم شہبازشریف،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈکی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی جبکہ پاکستانی ٹیم کی اچھا کھیل پیش کرنے اور دلیرانہ مقابلہ کرنے پر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں جگہ بنانے پر ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔


Comments