سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا اعلان بلوچستان میں الیکشن کی تیاریاں

 



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا اعلان کردیا‘ بلوچستان میں الیکشن کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژن کے کُل 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوگا جس میں 26 جون کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے اور 30 جون کو نتائج سامنے آئیں گے‘ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 10 مئی سے 13 مئی تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 مئی سے 18 مئی تک ہو گی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان 30 جون کوکیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بلوچستان حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صوبے میں انتخابات کرانے کی تیاریاں شروع کردیں۔ بلدیاتی حکومت کے سیکرٹری عمران گچکی نے ای سی پی کو خط لکھ کر 15 جولائی کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی تھی، تاہم صوبائی الیکشن کمیشن نے ضلعی حکام کو 15 سے 18 اپریل تک کاغذات نامزدگی وصول کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی اور صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی حکومت کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 15 جولائی تک بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی ٹھوس وجوہات ہیں۔

Comments