جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،حافظ نعیم الرحمن

 



 امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی موجودہ صورتحال اور انسانوں کی خرید وفروخت نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں، جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کراچی کے ساڑھے3 کروڑ عوام جماعت اسلامی کے تحت حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں، جماعت اسلامی کے تحریکی ودعوتی پروگرامات میں شرکت کریں، عوام کئی تجربے کر چکے، کراچی کے شہری ایسے امانت دار لوگوں کا انتخاب کریں جو خدمت کا استعارہ ہوں اور عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں‘ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملاہم نے شہر کی تعمیر وترقی میں بے مثال کردار ادا کیا، شہری جماعت اسلامی کے ہاتھوں کو مضبوط کریں ہم ہی ہیں جو شہریوں کے حقوق دلائیں گے اور مسائل حل کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گلبر گ کے تحت مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے سلسلے میں الخدمت مفت بازارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ضلع گلبرگ کے امیر وسابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، نائب امیر ضلع گلبرگ سید عامر موسیٰ، ناظم علاقہ عرفان شاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں جوتسلسل کے ساتھ کئی سال سے الخدمت بازار لگاتے ہوئے لوگوں کی مدد کرنے کا کلچر عام کر رہے ہیں معاشرے میں سفید پوش لوگوںکو زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت، مفلسی اور بے راہ روی کی بنیادی وجہ ناانصافی، بدامنی اور فساد پر مبنی معاشرہ ہے، غریب کو اس کا حق دینے کے بجائے اس کا استحصال کیا جاتا رہا ہے، حکومتی اختیارات ان لوگوں کے پاس ہیں جو لوگوں میں عدل وانصاف نہیں کرتے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں کرتے، شہر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی اور بجلی کا ہے، رمضان المبارک میں بھی شہریوں کو پانی اور بجلی سے محروم کیا ہوا ہے، جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں عدل وانصاف ہو، ہر شہری کو اس کا جائز حق ملے، ہم چاہتے ہیں کہ آج جو لوگ راشن لینے آئے ہیں کل یہی لوگ راشن دینے والوں میں شامل ہو جائیں اس کے لیے ہم سب کو مل کر ایک اسلامی معاشرے کو قائم کرنا ہوگا اور ایسے لوگوں کو اقتدار میں لانا ہوگا جو عدل وانصاف پر مبنی معاشرہ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں دینی نظام کا نفاذ چاہتی ہے، اللہ کا دین نافذ ہوگا تو ہمارے معاملات ومسائل خود بخود حل ہو جائیں گے، معاشرے میں بے راہ روی اور اقربا پروری کا ماحول ختم ہو جائے گا۔ عدل وانصاف کا بول بالا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیر کے کاموں میں گلبرگ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے بڑی محنت سے اہل خیر حضرات کے تعاون سے غریب لوگوں کے لیے راشن کا انتظام کیا اور امید ہے کہ یہ اسی طرح مشعلیں جلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات کی فراہمی اور غربت کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے،اس وقت کراچی میں بجلی کا بڑا مسئلہ ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے اور عوام کو گیس میسر نہیں ہے، کراچی میں 70سالوں میں جماعت اسلامی نے بلدیہ میں 11سال حکومت کی اور کراچی میں 3پروجیکٹ مکمل کیے جس کی وجہ سے آج پورا کراچی پانی استعمال کررہا ہے لیکن جو لوگ 30سالوں سے کراچی میں برسراقتدار ہیں انہوں نے کراچی والوں کے لیے آج تک ایک کنواں بھی نہیں کھدوایا۔ضرورت اس مر کی ہے کہ دیانت دار،امانت دار اور حق گو انسان کا ساتھ دیا جائے۔

Comments