الیکٹ ایبلز کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا،سراج الحق

 



لاہور :  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکٹیبلز کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا ہے، چند خاندانوں نے گزشتہ7 دہائیوں سے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہواہے، تینوں بڑی جماعتوں نے اپنی اپنی بادشاہت قائم کی لیکن عوام کی فلاح و بہبود، عدل و انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی قائم نہ کر سکیں، ظلم و ناانصافی کا کھیل بند ہونا چاہیے، قوم اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑی ہو، آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دے، الیکشن متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں، دنیا کی بیشتر جمہوریتوں میں یہ نظام کامیابی سے جاری ہے، شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں، سیاسی جماعتیں آپس میں مذاکرات کریں، جماعت اسلامی کی انتخابی ریفارمز سے متعلق کمیٹی بھی اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوںکا آغاز کرے گی، ہم نے الیکشن اصلاحات سے متعلق ایک جامع ڈرافٹ تیار کیا ہے، چاہتے ہیں کہ سب اس پر متفق ہو جائیں، تینوں جماعتوں نے ملک کو امریکا کا غلام بنایا، جماعت اسلامی ہی قوم کو سامراجی نظام سے نجات دلا سکتی ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قرآن و سنت کی حکمرانی قائم کرنا ہو گی، ملک کے روشن مستقبل کے لیے واحد آپشن جماعت اسلامی ہے، قوم اسلامی انقلاب کے لیے کمر کس لے، جماعت اسلامی کے کارکنان ’’کرپشن فری،اسلامی پاکستان‘‘ کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیربالا، دیرپائن، باجوڑ، سوات اور بونیر کی ضلعی تنظیموں اور سیاسی کمیٹیوں کے ذمے داران کے مرکز الاسلامی پشاور میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے متعلقہ اضلاع میں جماعت اسلامی کی تنظیمی کارکردگی اور الیکشن سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ذمے داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ افراد کو جماعت اسلامی کے حلقوں میں شامل کریں اور خصوصی طورپر نوجوانوں کو جماعت کا پیغام پہنچائیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں پڑھے لکھے نوجوانوں کا استحصال ہو رہا ہے، لاکھوں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے مایوس ہیں، پاکستان کی یوتھ مایوس ہونے کے بجائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو امریکی تسلط سے حقیقی معنوں میں نجات دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اس جدوجہد کے دوران ہم نے ’’گوامریکاگو‘‘ تحریک چلائی اور افغانستان میں نیٹو افواج کی ظالمانہ کارروائیوں کی ڈٹ کر مخالفت بھی کی۔ سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے وعدوں اور دعوئوں کے علاوہ عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، کراچی سے چترال تک لوگ پریشان ہیں، ملک پر مسلط حکمران آنے والی نسلوں کے لیے مال جمع کر رہے ہیں جبکہ ملک کی وسیع آبادی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے، موجودہ حکومت نے بھی پچھلی حکومت والے کام شروع کردیے ہیں۔ وزیراعظم کو کہہ رہے ہیں کہ وہ منصوبوں کے بجائے ملک میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے پر فوکس کریں، عوام کو ریلیف دیا جائے، بجلی، گیس اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فی الفور کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پونے4 برس خراب کارکردگی کا ملبہ پچھلی حکومت پر ڈالتی رہی اور اب موجودہ حکومت نے پہلے2،3 روز میں ہی یہی رٹ لگانا شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم میں تقسیم خطرناک صورت حال اختیار کرچکی ہے، سیاست دانوں کو مفادات کی جنگ میں الجھنے کے بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں تفریق کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں استحصالی نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، ہماری جدوجہد اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے ہے، جماعت اسلامی نے مفادات اور گالم گلوچ کی سیاست سے ہٹ کر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری لڑائی کسی فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ فرسودہ نظام کے خاتمہ کے لیے ہے۔

Comments