حق دو کراچی کو مہم ، گھر گھر رابطوں شہر بھر میں حقوق کارواں کا اعلان

 


 
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ہر سطح کے ناظمین سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ’’حقوق کراچی ‘‘تحریک کے اگلے مرحلے میں عوامی رابطہ مہم اور 4مارچ سے نکالے جانے والے ’’حقوق کراچی کارواں ‘‘کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے اور کارکنوں وذمے داران کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر رابطہ عوام مہم کا آغاز کر دیا جائے ،شہر قائد کے ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچ کر رابطہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 29 روزہ کامیاب کراچی دھرنے نے کراچی کی سیاست کو ایک نیا رخ دیا ہے ۔کراچی سے ووٹ لینے والی جماعتوں نے مینڈیٹ کا سودا کیا ہے ،کراچی کی حق تلفی اور اہل کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی اور شہر کو مسائلستان بنانے کی ذمے داری تینوں حکمران جماعتوں ایم کیوایم ،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پر عاید ہوتی ہے ،اہل کراچی ان کو مسترد کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے عوام کی حقیقی ترجمانی کی ہے ،وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کا حق لینے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کی شب ادارہ نورحق میں ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘کے اگلے مرحلے ’’عوامی رابطہ مہم ‘‘اور ’’حقوق کراچی کارواں‘‘کے حوالے سے ہر سطح کے ناظمین کے ایک اہم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع میں تمام اضلاع کے ذمے داران ،پبلک ایڈ کمیٹی کے مقامی ،ضلعی،علاقے وحلقہ جات کے ذمے داران سمیت شہر بھر سے ہر سطح کے ناظمین نے شرکت کی۔ اجتماع سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،سیکرٹری کراچی منعم مظفر خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کارکنوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ رابطہ عوام مہم پہلے سے مختلف انداز میں چلانی ہے جس کے ذریعے کراچی تحریک کے حوالے سے عوام تک پہنچا جائے ، ہینڈ بلز تقسیم کیے جائیں اور مہم میں زیادہ سے زیادہ علاقے کو کور کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس مہم کے فوری بعد کراچی بھر میں 4مارچ سے ایک تاریخی اور عظیم الشان’’ حقوق کراچی کارواں‘‘ کا آغاز ہوگا جو جماعت اسلامی کے تنظیمی اضلاع میں گشت کرے گا ۔کارواںکے روٹس پر مختلف حلقے اور علاقے کیمپ لگائیں گے ،علاقوں کے مؤثر افراد مختلف برادری وسول سوسائٹی ،سیاسی ،سماجی اور تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز، علما کرام ،اساتذہ کرام ،اقلیتی برادری کے نمائندوں اور کراچی دھرنے میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کرنے والوں کو بالخصوص کراچی کاررواں کا حصہ بنایا جائے گا ،اس دوران شہر بھر میں موبائل پبلسٹی سمیت دیگر ذرائع سے حقوق کراچی تحریک کے مطالبات پر مبنی بینرز بل بورڈز بھی لگائے جائیں گے ،حقوق کراچی کارواں کے شہر بھر میں گشت سے کراچی میں ایک نئی سیاسی فضا اور ماحول پیدا ہوگا اور کراچی کا ہر شہری وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اپنا حق مانگے گا اور حکمران جماعت ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کو ان کا اصل چہرہ اور آئینہ دکھائے گا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اب یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے کہ کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام جن مسائل و مشکلات کا شکار ہیں ان کی تمام تر ذمے داری موجودہ اور ماضی کی حکومتوں پر عاید ہوتی ہے ،پیپلزپارٹی 14سال سے سندھ پر حکمران ہے، ایم کیو ایم ،پیپلزپارٹی اور نواز لیگ کے ساتھ حکومتوں اور اقتدار میں شریک رہنے کے بعد آج پی ٹی آئی کے ساتھ بھی حکومت میں ہے ۔پی ٹی آئی نے بھی کراچی سے بھاری مینڈیٹ لیا لیکن ساڑھے 3 سال میں اس نے بھی اہل کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ،جھوٹے وعدے ، ادھورے اور نامکمل منصوبوں کے افتتاح اور بڑے بڑے پیکجز کے اعلانات تو کیے گئے ،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بھی بنایاگیا لیکن آج تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ،کراچی کو گیس دی جاتی ہے اور نہ اس کے حصے کا پانی ، K4منصوبے کو ایک تہائی کردیا گیا ہے ،کوٹا سسٹم کو غیر معینہ مدت تک بڑھا کر اور جعلی مردم شماری کی منظوری دے کر جس میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کردیا گیا ہے ،کراچی کے ساتھ بڑا ظلم کیا گیا اور مردم شماری 2017ء میں نواز لیگ کے دور میں ہوئی تھی اور اب ایک پھر اسی پرانے طریقے یعنی مستقل پتے کی بنیاد پر دوبارہ مردم شماری کراکے کراچی کے وسائل اور حقیقی نمائندگی پر ڈاکا ڈالنے کی سازش کی جارہی ہے ۔جماعت اسلامی اہل کراچی پر مارے جانے والے اس شب خون پر خاموش نہیں رہے گی اور اہل کراچی کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

Comments