جماعت اسلامی کے وفد کی ڈی جی نادرا سے ملاقات ٗ مسائل سے آگاہ کیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی راجا عارف سلطان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے بدھ کو ڈی جی نادرا (ر)کرنل انیس احمد سے نادرا ہیڈ آفس میں ملاقات کی اور نادرا سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔وفد
میں پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ،سیکرٹری کراچی منعم ظفرخان ، جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی، نادرا سیل پبلک ایڈ کے انچارج طاہر امیر الحسن، نائب صدر پبلک ایڈ شاہد فرمان، پریس سیکرٹری فائق علی خان بھی شامل تھے ۔ڈی جی نادرا نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دلایا کہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش اور اقدامات کیے جائیں گے ۔ملاقات میں سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہاکہ ضروری ہے کہ نادرا ایس اوپیز پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے اور ایس اوپیز کے مطابق کاغذات ہونے کے باوجود درخواست گزاروں کو واپس کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ،نادرامیگا سینٹر میں عوام کے ساتھ غیر مناسب رویہ ختم کیاجائے اور تمام کاؤنٹر فنکشنل کیے جائیں ، نادرامیگا سینٹر سمیت دیگر سینٹرز پر ہونے والے رش کو ختم کیا جائے ،عوام کی سہولت کے لیے پروسیسنگ کو تیز کیا جائے ،نادرا دفاتر کے باہر آفس انچارج اور ڈی جی آفس کا نمبر آویزاں کیا جائے تاکہ شکایت کنندہ کو شکایت کرنے میں آسانی ہو کیونکہ متعلقہ آفس والے عوام کی کسی بھی شکایت کا نوٹس نہیں لیتے اور نہ انہیں ہیڈ آفس کراچی سے کوئی Responseملتا ہے لہٰذا کوئی ایسا طریقہ کار اپنا یا جائے کہ عوام کی شکایت کا ازالہ ہوسکے ۔انہوں نے مزید کہاکہ زونل بورڈ اور بی اینڈ آر میں لمبی تاریخیں دینے سے گریز کیا جائے ،زونل بورڈ میگا سینٹر ز میں درخواست گزاروں کو ناحق تنگ نہ کیا جائے ،سکسیشن سرٹیفکیٹ (عوامی مرکز)کے اجرا میں آسانی پیدا کی جائے اور لمبی تاریخیں نہ دی جائیں،زونل بورڈ اور V&Rمیں عرصہ دراز سے زیر التوا معاملات حل کیے جائیں ،نادرا میگا سینٹر زسمیت دیگر سینٹرز میں اسٹاف کی تعداد میں اضافہ اور نئے میگا سینٹر ز بنائے جائیں اور پرانے سینٹرز بحال کیے جائیں ،درخواست گزاروں کو سہولتیں اور دفاتر کے باہر بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے ،زونل بورڈ عائشہ منزل کو 2حصوں میں تقسیم کیا جائے جس میں ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کو الگ الگ کیا جائے کیونکہ یہ بڑے ڈسٹرکٹ ہیں ،خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے کا عمل خواتین اسٹاف سے ہی کرایا جائے بالخصوص خواتین اور بزرگوں کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے ۔

 


Comments