پولیو مہم کے دوران عقیل احمد پر پولیس فائرنگ کا نوٹس لیا جائے ٗحافظ نعیم

 

 
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن پولیس فائر نگ سے ز خمی ہونے والے نیو کراچی سیکٹر 5ایف میں عقیل احمد اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد اہل محلہ سے گفتگو کر ر ہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کی ہے کہ نیو کراچی میں پولیو مہم کے دوران پولیس فائرنگ اور اس کے باعث معصوم شہری عقیل احمد کوگولیاں لگنے کے واقعے کا نوٹس لیں ، فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اورملوث اہلکاروں وذمے داروں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ حکومت عقیل احمد کے علاج و معالجے کے تمام اخراجات سرکاری سطح پر اٹھائے ،جماعت اسلامی عقیل احمد اوران کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اورانہیں انصاف دلانے اوراس ظلم کے خلاف آئینی ،جمہوری اور قانونی
جدوجہد کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی ،سیک 5Fمیں عقیل احمد اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع شمالی محمد یوسف ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ہم ریاست اور حکومت سے کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی پولیو کے قطرے پلوانے کے خلاف نہیں کیونکہ علما کرام کافتویٰ موجود ہے ، پولیو کے قطرے پلانے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن پولیو مہم کے نام پر کرپشن اورپولیس گردی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی ۔پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر پولیس کی جانب سے ریاست سے بالاتر اور ماورائے عدالت اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں ، عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے بجائے معصوم شہریوں پر گولی چلادینا پولیس گردی ہے ، اسسٹنٹ کمشنر عمران راجپوت کے کہنے پر معصوم شہری عقیل احمد کو گولی مار کر زندگی بھر کے لیے معذور بنادینا سراسر ظلم وزیادتی ہے ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی جب معصوم شہریوں کے دشمن بن جائیں تو عوام کو انصاف اور تحفظ کون فراہم کرے گا،گزشتہ دنوں اورنگی ٹاؤن میں بھی موٹر سائیکل سوار کو نہ رکنے پرفائرنگ کر کے شہید کردیا گیا ۔اس کے علاوہ مہران ٹاؤن کورنگی میں بھی ایک بے گناہ نوجوان کو گولیاں مار کر پولیس مقابلہ قراردے دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ کراچی شہر کو لاوارث نہ سمجھا جائے ،ساڑھے 3 کروڑ کی آبادی والا شہر لاوارث نہیں ۔جماعت اسلامی نے پہلے بھی اس شہر کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

Comments