نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 33 پیسے اضافے کا فیصلہ محفوظ کرلیا

 


اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 33 پیسے اضافہ کرنے کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

نیپرا میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر سماعت ہوئی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری کے بعد صارفین پر 29 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

خیال رہے کہ 19 دسمبر کو سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی تھی جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی جس میں بتایا گیا کہ نومبر میں 8 ارب 24 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، گزشتہ ماہ بجلی کی پیدواری لاگت 66 ارب رہی، ڈیزل سے 27 روپے 20 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ترین بجلی پیدا ہوئی۔

اسی طرح فرنس آئل سے 20 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 17 روپے 26 پیسے رہی، ایران سے 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ پر بجلی امپورٹ کی گئی جب کہ 20 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔

Comments