آسٹریلیا پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بن گیا::::::::::: سید وزیر علی قادری -

 



  دبئی: آسٹریلوی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی چمپئن بننے کے بعد کپ کے ساتھ گروپ فوٹو

دبئی(سید وزیرعلی قادری) نیوزی لینڈ کو فائنل میں 8 وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیا پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا چمپئن بن گیا۔ آسٹریلیا نے 173 رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،مچل مارش 77اور ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑامجموعہ ہے۔کپتان کین ولیمسن 85 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 2016ء میں انگلینڈ کے خلاف 6وکٹ پر161 رنز بنائے تھے۔نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب ڈیرل مچل 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد کپتان ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 76 رنز پر پہنچا تو گپٹل 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔2 وکٹیں گرنے کے باوجود بھی کپتان ولیمسن نے محتاط انداز نہ اپنایا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کردی۔انہوں نے 32 گیندوں پر ففٹی بنائی، وہ85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، اس کے علاوہ گلین فلیپس 18 رنز بناسکے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنلز کا مہنگا ترین اسپیل کرایا۔ اسٹارک کے 4اوورز میں 60 رنز دیے۔ اسٹارک سے قبل فائنلز میں مہنگی ترین بولنگ 2012 میں سری لنکا کے لاستھ ملنگا نے کرائی تھی، انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چار اوورز میں 54 رنز دیے تھے۔نیوزی لینڈ کے 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا اور15 رنز پر کپتان ایرون فنچ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے 93رنز کی شراکت داری قائم کی۔آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 107 رنز پر پہنچا تو ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔مچل مارش نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور آسٹریلیا کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی چمپئن بنا دیا۔اس کے علاوہ گلین میکسویل 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کے مچل مارش کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو ورلڈکپ میں 289 رنز بنانے پرمین آف دی سیریز کا ایوارڈسے نوازا گیا۔


Comments