محمد رضوان اور شعیب ملک سے متعلق اچھی خبر-کھلاڑیوں کو شکست کا خوف نہیں کار کردگی اطمینان بخش ہے ، رمیز راجا

 





پی سی بی نے محمد رضوان اور شعیب ملک سے متعلق اچھی خبر سنادی





لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے دو کھلاڑیوں وکٹ کیپر محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک سے متعلق اچھی خبر سنادی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد رضوان اور شعیب ملک کی صحت میں بہتری آئی ہے اور دونوں کھلاڑی بہت بہتر محسوس کررہے ہیں، تاہم میڈیکل پینل دوپہر کے اوقات میں دونوں کھلاڑیوں کا دوبارہ جائزہ لے گا۔

میڈیکل پینل کے جائزے کے بعد پی سی بی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ قومی ٹیم کے دو کھلاڑی محمد رضوان اور شعیب ملک کو نزلے اور بخار کی شکایت ہے اور دونوں کی آج کے سیمی فائنل میں شرکت مشکوک ہے۔

کھلاڑیوں کو شکست کا خوف نہیں کار کردگی اطمینان بخش ہے ، رمیز راجا




کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے متحدہ عرب امارات میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم 11 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں مدمقابل ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کارکردگی شاندار رہی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی کارکردگی سے غیر مستقل مزاجی کے ٹیگ کو ختم کیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابر اعظم کی قیادت، کھلاڑیوں کی خود اعتمادی اور میدان میں عاجزی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل دیکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان نے شاندار ٹیمپرانٹ کا مظاہرہ کیا۔ نیوزی لینڈ کو اچھی حکمت عملی سے مات دی اور افغانستان کے خلاف بہترین اسپنرز سے نبرد آزما ہوکر کامیابی سمیٹی۔رمیز راجا نے کہا کہ جیت اور ہار انسان کے ہاتھ میں نہیں مگر ناک آؤٹ مرحلے میں جانے سے قبل ٹیم کا اعتماد بلند ہے۔ اچھی کرکٹ کھیلیں، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو کچھ نیا کرنے کی ضرورت نہیں ،وہ بہت اچھے انداز سے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، کوئی بھی کھلاڑی شکست کے خوف سے نہیں ڈر رہا اور اسی برانڈ کی کرکٹ ہمیں کھیلنی ہے۔


Comments