پی ٹی آئی حکومت کا غریب عوام پر ایک اور وار،پیٹرولیم قیمتوں میں ساڑھے 5 روپے تک اضافہ

 



اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی حکومت نے اپنا تیسرا پارلیمانی سال مکمل اور چوتھا سال شرو ع ہونے اور عالمی یوم جمہوریت کے موقع پرعوام پرپیٹرول بم گراتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا ،جس کا اعلان سنتے ہی عوام کے ہوش اڑگئے اور وہ ایک اور نئے ظلم پر چیخ اٹھے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 5روپے 1پیسہ ،پیٹرول5 روپے ، مٹی کا تیل 5روپے 46پیسے اور لائٹ ڈیزل 5روپے 92پیسے فی لیٹرمہنگا کردیاگیا۔ بدھ کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 1پیسہ فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر اضافہ کیاگیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5روپے 46پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے 92پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیاگیاہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 12بجے سے ہوگیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 10روپے اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی تھی۔اوگرا کی طرف سے وزارت خزانہ کو بھیجی گئی سمری کے برعکس آئندہ 15 روز کے لیے وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 123روپے 30پیسے ہو گئی ہے۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 120روپے 4پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے ہر 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جاتی ہے، جس کو وزیراعظم کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جاتا ہے اور پھر وزارتِ خزانہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے۔



Comments