پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین انتقال کرگئے-کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے

 



سابق صدر مملکت ممنون حسین کراچی میں انتقال کرگئے، ان کے بیٹے ارسلان ممنون کا کہنا ہے کہ ممنون حسین کینسر کے عارضے میں مبتلا اور2 ہفتے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے‘ وہ 2013 ء سے 2018ء تک صدر مملکت رہے۔ صدر مملکت عارف علوی ‘ وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘گورنر سندھ عمران اسماعیل ‘وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،مسلم لیگ(ن) کے صدراورقائد حزب اختلاف شہباز شریف،امیر جماعت اسلامی اسلامی پاکستان سراج الحق‘ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ‘ امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر مسلم پرویز نے سابق صدر پاکستان ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ سابق صدر ممنون حسین مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اور دیگر عہدوں پر فائز رہے‘ ان کا شمار مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ ممنون حسین 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے ‘ وہ پاکستان کے 12 ویں صدر تھے جب کہ وہ گورنر سندھ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ ممنون حسین غیر سرگرم سیاسی شخصیت رہے ہیں۔ وہ پیشے کے لحاظ سے تاجر تھے۔وہ 90ء کی دہائی کے آخر میں پہلی بار پاکستانی سیاست کے افق پر نظر آئے اور1997ء میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بنائے جانے والے ممنون حسین 1999ء میں نواز حکومت کے آخری ایام میں چند ماہ کے لیے گورنر سندھ بھی رہے۔ نواز شریف کی اسیری اور پھر جلاوطنی کے دوران وہ منظر عام پر تو نہیں تھے لیکن نواز شریف سے ان کا رابطہ ٹوٹا نہیں اور پھر ان کی وطن واپسی کے بعد ممنون حسین ایک بار پھر سندھ میں مسلم لیگ کی سیاست میں سرگرم ہوگئے۔سابق صدر نے اگست 2018 ء میں وزیر اعظم عمران خان سے بھی حلف لیا۔ مسلم لیگ نواز کی کراچی میں کمزور پوزیشن کے باوجود وہ ہر دور میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر ممنون حسین کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات، 15 جولائی بعد نماز عصر سلطان مسجد ڈی ایچ اے فیز 5 میں ادا کی جائے گی، تدفین فیز 8 کے قبرستان میں ہوگی۔



Comments