شعبہ تعمیر ادب کے تحت ادارہ نورحق میں ’’یکجہتی فلسطین مشاعرہ ‘‘

 


جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ تعمیر ادب کے زیر اہتمام ادارہ نورِ حق میں یکجہتی فلسطین مشاعرہ میں شعرا کرام کلام پیش کر رہے ہیں



کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے شعبہ تعمیر و ادب کے زیر اہتمام ہفتے کی شب ’’یکجہتی فلسطین مشاعرہ ‘‘ادارہ نور حق میں منعقد ہوا جس کی صدارت معروف صحافی ، سینئر کالم نگار و شاعر محمود شام نے کی۔ مہمان خصوصی فراست رضوی جب کہ ناظم مشاعرہ عمران شمشاد نرمی تھے۔ مشاعرے میں خالد معین، اجمل سراج، حکیم ناصف، علاء الدین خانزادہ ہمدم، نجیب ایوبی، سلمان ثروت، عبدالرحمن مومن، نعیم الدین نعیم ،اور جوہر مہدی نے اپنا کلام پیش کیا۔ ادارہ تعمیر ادب کے صدر نوید علی بیگ نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی تاریخ اور جدوجہد آزادی پر اگرچہ بہت لکھا اور پڑھا جا چکا ہے مگر موجودہ حالات میں اس موضوع پر بات کرنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ فلسطینی قبلۂ اول کی آزادی کے لیے صرف جنگ نہیں کررہے بلکہ جانیں قربان کر کے ایک تاریخ رقم کررہے ہیں ،ان کی جدوجہد کی حمایت سرپرستی آج وقت کی اولین ضرورت ہے۔ مہمان خصوصی فراست رضوی نے فلسطین کی تاریخ اور مزاحمتی تحریک کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک کو ترقی پسند محض خطے کی لڑائی اور انسانی حقوق کا معاملہ قرار دیتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ ایمانی حیثیت رکھتا ہے ،جس کے لیے جماعت اسلامی روز اول سے بات کرتی چلی آرہی ہے۔مسئلہ فلسطین کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے قرارداد پاکستان کے ساتھ ہی فلسطین کی آزادی کے لیے بھی قرارداد منظور کی گئی تھی جس کو تاریخ سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔



Comments