کے الیکٹرک نے لوڈشیدنگ کا دورانیہ بڑھادیا ،پر اسرار خرابیوں کا بہانہ - محمد انور -

 


کراچی ( رپورٹ: محمد انور) کے الیکٹرک نے اتوار کو تعطیل کے باوجود شہریوں کو بجلی فراہم نہ کرکے ان کی زندگی اجیرن کردی۔ گرمی کی شدت کے ساتھ کے الیکٹرک کے سپلائی کے نظام میں پرسرار خرابیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ عدالت عظمیٰ، وفاقی حکومت اور نیپرا کی سخت ہدایت کے باوجود کے الیکٹرک اپنے کم و بیش کراچی 28 لاکھ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہے جبکہ اب اتوار کی عام تعطیل کے ساتھ دیگر تعطیلات میں بھی مختلف بہانوں سے بجلی کی سپلائی کئی گھنٹوں کے لیے معطل کرنے لگی ہے۔ اتوار کو پورے شہر میں بجلی کی سپلائی مختلف اوقات میں کم از کم تقریبا 7گھنٹے کے لیے معطل کی گئی۔ کے الیکٹرک کے اندرونی ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک انتظامیہ نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی پیداوار وار میں کمی کو بہانہ بناکر آج پیر سے مزید طویل دورانیہ کی بندش کا فیصلہ کیا ہے۔کے الیکٹرک انتظامیہ مبینہ طور پر بجلی کی پیداوار کے اخراجات کم کرکے انرجی چارجز اور سلیب سسٹم سے زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے جب کہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور دیگر ٹیکسز کی بچت کرکے وفاق کو مالی نقصان سے بھی دوچار کررہی تاہم ایسا لگتا ہے کہ وفاقی اداروں کو قومی نقصان سے کوئی غرض نہیں ہے تب ہی وہ نہ کے الیکٹرک کے نظام کی شفاف تحقیقات کراتی ہے اور نہ ہی اس نظام کا آڈٹ کراتی ہے۔ کے الیکٹرک اور وفاقی اداروں کی مبینہ لوٹ مار اور وفاقی اداروں کی لاپرواہی کا خمیازہ زائد بلنگ کی شکل میں صارفین کو بھگتنا پڑتا ہے۔ کراچی کے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کے بلنگ کے سلیب سسٹم کو فوری ختم کرکے معیاری ریٹ کی بنیاد پر بلنگ کا نظام شروع کرنے پر مجبور کیا جائے یا دنیا بھر کے ممالک کی طرح یہاں بھی زیادہ بجلی استعمال کرنے پر بجلی کے کم ریٹ کا سلیب بنایا جائے۔





Comments