بنگلادیش میں بھارتی وزیراعظم مودی آمد پر ہنگامے مزید 5 ہلاک تعداد 9 ہوگئی

 




ڈھاکا(صباح نیوز)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیش آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے دوسرے روز بھی مزید5افراد ہلاک اور12زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں بھارتی وزیراعظم کی آمد پر شروع ہونے والا ملک گیر احتجاج تاحال جاری ہے، اتوارکودوسرے روز بھی مبینہ پولیس فائرنگ سے مزید5مظاہرین ہلاک اور12زخمی ہو گئے ۔2روز میں پولیس فائرنگ سےہلاک ہونے والوں کی تعداد9ہوگئی۔ چٹاگانگ کے ضلع برہمن باریہ کے اسپتال کے ایم ایس نے میڈیا کو بتایا کہ گولیاں لگنے سے زخمی17افراد کواسپتال لایا گیا جن میں سے3 مردہ حالت میں لائے گئے تھے،2نے اسپتال میں دم توڑ دیا جب کہ12زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی گئی۔برہمن باریہ کے ایک صحافی نے بتایا کہ 3ہزارسے زاید مظاہرین نے ضلع میں سرکاری دفاتر اور عمارتوں کو آگ لگادی تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ہلاکتیں پولیس فائرنگ سے ہوئیں یا کوئی اور معاملہ ہے۔مودی کی آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے ملک کے مختلف حصوں میں پیرا ملٹری فورس کو تعینات کردیا گیا ہے، سیکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا، مظاہرین گجرات میں مسلم کش فسادات پر مودی کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔


Comments