عید الاضحیٰ پر آلائشیں اُٹھانے کا بندو بست کیا جائے، حافظ نعیم الرحمن

 



کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور بلدیہ کی ذمہ داری ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہر سال حکومت کی طرف سے صفائی ستھرائی اور آلائشیں اُٹھانے کے دعوے اور اعلانات تو بہت کیے جاتے ہیں مگر عملاً صورتحال اس کے برعکس سامنے آتی ہے اور شہریوں کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امیر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں صوبائی حکومت اور بلدیہ کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی کا حال سب کے سامنے ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کا گندا پانی جمع ہے اور بارش نے حالات کو مزید سنگین کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر عید الاضحی کے موقع پر بھی یہ صورتحال برقرار رہی اور کچرے کے ڈھیر اور آلائشیں نہ اُٹھائی گئیں تو پھر شہر یوں کا جینا اور رہنا محال ہو جائے گا،تعفن اور بیماریاں پھیلنے سے عوام صحت  کے حوالے سے شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔

Comments