سری لنکا نے اپنے ہاں ویزا پابندی ختم کردی

Sri Lanka Batticaloa drei Monate nach Anschlägen von Ostern 2019 (DW/Natalie Mayroth)

سری لنکا نے پچاس ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اپنے ہاں ایک ماہ تک کے قیام کے لیے ویزا فری داخلے کی اجازت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
سری لنکا میں اس سال ایسٹر سنڈے کے موقع پر ہونے والے خودکش بم دھماکوں کے بعد ملک میں سیاحت کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ کسی طرح غیر ملکی سیاحوں کو دوبارہ راغب کیا جائے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سری لنکا آئیں۔
ملکی وزیر سیاحت جان اماراتُنگا نے کہا ہے کہ سیاحت یا کاروباری مقاصد کے لیے سری لنکا پہنچنے والوں کو ہوائی اڈے پر ہی ویزا جاری کر دیا جائے گا جب کہ ایسے افراد چاہیں تو سفر سے قبل آن لائن طریقے سے بھی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام چھ ماہ کے لیے نافذ عمل ہے اور اس کا آغاز جمعرات یکم  اگست ہو جائے گا۔
یہ بات اہم ہے کہ سری لنکا میں ہوٹلوں اور گرجا گھروں پر ایسٹر کے موقع پر ہونے والے سلسلہ وار اور منظم خودکش بم حملوں کے بعد سے وہاں جانے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان حملوں میں ڈھائی سو سے زائد افراد مارے گئے تھے جب کہ ان حملوں کی ذمہ داری مسلم شدت پسندوں پر عائد کی جاتی ہے۔

وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے نے کہا ہے کہ سری لنکا سیاحوں کے لیے اب مکمل طور پر محفوظ ہے اور سکیورٹی صورتحال دوبارہ نارمل ہو چکی ہے۔

Comments