ابراج گروپ ( کے -الیکٹرک ) پکڑائ میں آگیا - 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا غیر معمولی جرمانہ

مالیاتی معاملات کی نگرانی کرنے والے ادارے ‘دبئی فنانشنل سروسز اتھارٹی‘ نے کہا ہے کہ ابراج ایکویٹی گروپ سے منسلک 2 کمپنیوں پر غیر مجاز سرگرمیوں اور سرمایہ کاروں کے فنڈز کا ناجائز استعمال کرنے پر31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا غیر معمولی جرمانہ عاید کیاگیا ہے۔دبئی فنانشنل سروسز اتھارٹی (ڈی ایف ایس اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ابراج انوسٹمنٹ مینجمنٹ پر 29 کروڑ 93 لاکھ اور ابراج کیپٹل لمیٹڈ پر ایک کروڑ 53 لاکھ ڈالر کا جرمانہ کیا ہے‘ مذکورہ کمپنیاں ابراج گروپ سے منسلک ہیں جو14 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ایک زمانے میں مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی نجی سرمایہ کاری کی کمپنی تھی۔ ایک سال قبل فنڈ کے غلط استعمال کرنے کے الزامات پر سرمایہ کار اپنی رقم واپس لینے پر مجبور ہوگئے جس کے بعد اس گروپ کے لیے مالیاتی بحران کا آغاز ہوا۔ ڈی ایف ایس اے کا کہنا تھا کہ 18ماہ پر محیط تفتیش کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ ابراج انویسٹمنٹ مینجمنٹ غیر مجاز مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث تھی اور ایک طویل عرصے تک ابراج فنڈ میں سرمایہ کاروں سے غلط بیانی کرتی رہی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کمپنی نے آپریٹنگ اور دیگر اخراجات اور کیش کی کمی کو دور کرنے کے لیے مختلف فنڈز میں سرمایہ کاروں کے پیسے کا غلط استعمال کیا‘ ابراج کیپٹل لمیٹڈ دیانت اور منصفانہ ڈیلنگ کے کم سے کم میعار پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی۔ ڈی ایف ایس اے کا مزید کہنا تھا کہ اس نے دوسری کمپنیوں کو اس کے ساتھ کام سے روکنے اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے یہ جرمانہ عاید کیا۔

Comments