جولائی9- کو امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ: دہشت گرد کون ؟

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے عمرہ اور سنت اعتکاف کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپسی پر جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب میں 2 اہم اعلان کیے ہیں اور کہا ہے کہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیے جانے کی شدید مذمت اوراس اعلان کو مسترد کرتے ہیں اور ٹرمپ کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف9جولائی کو امریکی سفارتخانے کی طرف احتجاجی مارچ کریں گے۔ جے آئی ٹی فیصلے کے بعد بیرونی بینکوں میں موجود ملکی دولت پاکستان لائیں گے ۔کرپٹ حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک انبارلگا لیے ہیں ،لوٹی گئی دولت اور موجودہ و سابق حکمرانوں کے اثاثوں کو بے نقاب کرنے کے لیے جماعت اسلامی ویب سائٹ بنائے گی۔کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے عوام ہمارا ساتھ دیں۔ کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ دینے والے اور کرپشن میں لتھڑے ہوئے اداروں کا قبلہ درست کرکے انہیں قومی ادارے بنائیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سب سے بڑا دہشت گرد خود امریکا ہے جو بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے۔امریکا کشمیر کی تحریک آزادی کو ختم کرنے کے لیے کھل کر سامنے آگیا ہے ۔ مودی کل تک دہشت گرد تھا اور یورپ اور امریکا میں اس کے داخلے پر پابندی تھی اور آج ٹرمپ کا جگری یار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہیرو شیما اور ناگا ساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کو زندہ جلانے اور عراق اورافغانستان میں لاکھوں معصوم مسلمانوں کا قتل عام کرنے والا امریکا دنیا بھر میں اسلام کے خلاف جنگ لڑرہا ہے اور عالم اسلام کے بزدل اور امریکی کاسہ لیس حکمران اس جنگ میں اس کے اتحادی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی استعماری اور سامراجی قوتوں نے اسلامی تحریکوں کو ہدف بنا رکھا ہے ۔ ٹرمپ نے محض مودی کی خوشنودی کے لیے حریت پسند سیدصلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی پہلے دن سے امریکی مفادات کے گرد گھومتی رہی ہے مگر 70سالہ ملکی تاریخ گواہ ہے کہ امریکا نے کبھی ہمارا ساتھ نہیں دیا ، جب پاکستان دولخت ہوا امریکا نے آخری وقت تک دھوکے میں رکھا کہ اس کا بحری بیڑا مدد کے لیے آرہا ہے ، پاکستان کا بیڑا غرق ہو گیا مگر امریکی بیڑا آج تک نہیں پہنچا ۔انہوں نے کہاکہ آج ملک کا کوئی وزیر خارجہ ہے نہ خارجہ پالیسی ہے ۔حکمران امریکی ڈکٹیشن پر فیصلے کرتے ہیں ، حکمران امریکا کی ناراضگی سے ڈرتے ہوئے کشمیری قوم سے بے وفائی اور شہدا کے خون سے غداری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا ساتھ دینا حکمرانوں کی مجبوری ہوگی ،پاکستان کے 20کروڑ عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔کشمیر ی پاکستان کی بقا اور سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی مظلوم قوم کی آزادی کے لیے لڑنے والا سید صلاح الدین کروڑوں پاکستانیوں کا ہیرو ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لندن،پاناما ،دبئی اور سوئس بینکوں میں موجود اربوں ڈالر کسی غریب کے نہیں بلکہ باریاں بدل بدل کر حکمران بننے والوں کے ہیں ،ملک سے لوٹی گئی دولت کا کھوج لگانے اور اسے بے نقاب کرکے پاکستان لانے کے لیے جماعت اسلامی نے خصوصی سیل قائم کردیا ہے اور بہت جلد ایک ویب سائٹ بنائی جائے گی تاکہ اندرون و بیرون ملک پاکستانی چوری کی اس دولت کے بارے میں جان سکیں ۔ انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم قومی خدمت میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک جلد کامیابی سے ہمکنا ر ہوگی ،عوام غیر جانبدار یا خاموش رہنے کے بجائے اللہ کے سامنے جواب دہی کے احساس سے آگے بڑھیں اور ان چوروں اور لٹیروں کے احتساب کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ اسی طرح جماعت اسلامی کے ترجمان امیر العظیم نے بھی واشگاف الفاظ میں امریکہ کو ہی نشان ملامت بناتے ہوئے کہا کہ امریکا کا حریت رہنماسید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینا عالمی قوانین کو روندنے اور بھارت نوازی کا شرمناک مظاہرہ ہے ۔عالمی برادری ٹرمپ کے کہنے پر سید صلاح الدین کودہشت گرد تسلیم کرے گی نہ بھارت کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کو روک سکےگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر ی قوم بھارت کے کشمیر پر ناجائز قبضے کے خلاف 70سال سے آزادی کی جنگ لڑرہی ہے ۔بھارت8 لاکھ فوج مسلط کرنے کے باوجود کشمیر کو اپنے ہاتھ سے نکلتا دیکھ رہا ہے۔کشمیر یوں پر بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر ایمنسٹی انٹر نیشنل اورانسانی حقوق کے ادارے چیخ رہے ہیں مگر امریکا اس چیخ و پکارکو سننے اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی رکوانے کے بجائے مودی کا ہمنوا بنا ہوا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ابھی کل کی بات ہے کہ مودی کے امریکا میں داخلہ پر پابندی تھی اور امریکی سینیٹ مودی کو دہشت گرد کہتی تھی مگر ثابت ہوگیا ہے کہ ٹرمپ کی اسلام دشمنی اور انتہا پسندی نے امریکا کو یرغمال بنا کر اس کے عالمی کردار کو محدود کردیا ہے ، امریکا کے دہرے معیار کی وجہ سے عالمی برادری سخت مایوس اور تشویش میں مبتلا ہے ۔ دنیا امریکا کو ایک ناقابل اعتبار ملک کی حیثیت سے جانتی ہے ۔ امیر العظیم نے کہا کہ سید صلاح الدین متحدہ جہاد کونسل کے متفقہ چیئرمین اور لاکھوں کشمیری حریت پسندوں کے قائد ہیں انہیں دہشت گرد کہنے والے خود سب سے بڑے دہشت گردہیں۔

Comments