جدید لب و لہجے کے صاحب طرز شاعر اجمل سراج انتقال کرگئے


 

کراچی - جدید لب و لہجے کے صاحب طرز شاعر اجمل سراج کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 56 سال تھی۔ وہ کئی ماہ سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ اجمل سراج کا شمار منفرد لہجے کے حامل شعرا میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اوائل عمر ہی سے شعر کہنا شروع کردیا تھا۔ ان کا پہلا مجموعہ ’’اور میں سوچتا رہ گیا‘‘ 2005ء میں شائع ہوا۔ 2010ء میں آرٹس کونسل کراچی نے اس مجموعے کا دوسرا ایڈیشن شائع کیا۔ اجمل سراج طویل عرصے تک روزنامہ جسارت میں سنڈے میگزین کے انچارج بھی رہے۔ انہوں نے کئی سال روزنامہ جسارت میں قطعہ نگاری بھی کی۔ ان کے قطعات اپنے تخلیقی وفور اور برجستگی کے باعث جسارت کے قارئین میں مقبول تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز عصر طیبہ مسجد زمان ٹائون کورنگی نمبر 4میں ادا کی گئی ۔بعد ازاں کورنگی نمبر 6 قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔مرحوم نے بیوہ، 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ اجمل سراج کے جنازے میں عزیز و اقارب ،دوست و احباب، شاعروں، ادیبوں اور صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان، چیف ایگزیکٹوالخدمت کراچی نوید علی بیگ، الخدمت کے ایگزیکٹوڈائریکٹرراشد قریشی ، جماعت اسلامی کے رہنما یونس بارائی، نجیب ایوبی، لانڈھی ٹائون کے چیئرمین عبدال جمیل خان، سابق چیئرمین محمد شاہد، روزنامہ جسارت کے چیف آپریٹنگ آفیسر طاہر اکبر، سابق چیف ایگزیکٹو کمال احمد فاروقی، اسائمنٹ ایڈیٹر عرفان احمد، میگزین ایڈیٹر عامر اشرف،الیاس بن ذکریا جبکہ شاعروں میں فاضل جمیلی، جاوید صبا، فراست رضوی، کامران نفیس، عمران شمشاد، طارق جمیل، افضال احمد سید، سیماب نوید، مہیب احمد، یانی رضوی،فیصل سوری، ندیم ظفر، ثنائی سپر، جوہر مہدی، اسامہ اسیر، شکیل خان، خاجہ علی حیدر، خورشید عالم ، کاشف حسین غائر جبکہ صحافیوں میں اے ایچ خانزادہ، نصراللہ چودھری ، اعظم گوندل،حنیف اکبر،عقیل رانا، نصیر احمد، فاروق راجپوت قاضی جاوید ، واجد حسین انصاری و دیگر بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔ قبل ازیں معروف شاعر اجمل سراج کے دیرینہ دوست جاوید صبا نے نمائندہ جسارت سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کے اجمل سراج کا بچھڑجانا ادب کے لیے بڑا نقصان ہے ،اجمل سراج معروف شاعر اور کراچی کی پہچان تھے ،ان کی شاعری ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہے گی۔علاوہ ازیںروزنامہ جسارت کے چیف ایڈیٹر شاہنواز فاروقی اور ایڈیٹر مظفر اعجاز نے اجمل سراج کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔علاوہ ازیں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد اور مجلس عاملہ نے ممبر کراچی پریس کلب اور مشہور شاعر سید سراج الدین اجمل المعروف اجمل سراج کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم اجمل سراج کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 Reported By Daily Jasarat

Comments