پیپلزپارٹی الٹی لٹک جائے پھر بھی بلدیاتی الیکشن کرانے ہوں گے، حافظ نعیم

 


کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اب الٹی بھی لٹک جائے تب بھی اسے کراچی کے بلدیاتی الیکشن کرانے ہوں گے۔

جمعہ کو نجی ٹی ووی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور میئر کراچی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا رویہ جمہوریت دشمن اور کراچی دشمن ہے، یہ لوگ کراچی کو اس کی نمائندگی نہیں دینا چاہتے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ناجائز طریقے سے ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کیا ہوا ہے، اور اب یہ ایم کیوایم کا ایڈمنسٹریٹرلانا چاہتے ہیں، یہ 15 ارب روپے کا پیچ ورک کر رہے ہیں جب کہ ایک ارب بھی نہیں لگا رہے۔

امیر جماعت کراچی نے کہا کہ کراچی میں ہرصورت میں بلدیاتی الیکشن ہونےچاہیئے، گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے بھی ان سے کہہ دیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہونے چاہئے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی والے کہتے ہیں کہ کراچی میں تعینات کرنے کے لئے پولیس اہلکار موجود نہیں، جب کہ اسلام آباد میں 10 ہزار پولیس اہلکاروں کو بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کو سندھ کا حصہ ہی نہیں سمجھتی، یہ یہ صرف لوٹ مار کیلئے کراچی کو سندھ کا حصہ سمجھتےہیں، اب یہ الٹے بھی لٹک جائیں انہیں ہرصورت الیکشن کرانے ہوں گے، اب شق ختم کرنے سے بھی کچھ نہیں ہوگا۔

Comments