استنبول میں دھماکا،6 افراد جاں بحق،53 زخمی

 

استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے شہر استنبول میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوگئے۔ ترک میڈیا کے مطابق واقعہ استنبول کے تقسیم اسکوائرکی استقلال اسٹریٹ میں پیش آیا، دھماکامبینہ طورپر خود کش تھا۔ اتوارکا روز ہونے کے باعث تقسیم اسکوائر پر سیاحوں کا رش تھا، یہ مصروف ترین علاقہ ہے۔ترک میڈیا کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔گورنر استنبول نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں6 اموات ہوئی ہیں جب کہ 53 زخمی ہیں جن میں سے 11 کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ بارودی مواد کو گملوں میں چھپایا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد پْر ہجوم مقام پر افراتفری مچ گئی اور شہری مدد کو پکارنے لگے۔ کئی افراد کچلے جانے کے باعث زخمی ہوئے۔دھماکے کے فوری بعد ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیںجب کہ پولیس نے غیر متعلقہ افراد کو وقوعہ پر جانے سے روک دیا۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھناؤنے حملے کے ذمے داروں کو تلاش کیا جا رہا ہے، انہیں سخت سزائیں دیں گے۔واضح رہے کہ ترکیہ میں داعش نے کئی بار خود کش حملے کیے ہیں۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، استنبول میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بچوں سمیت واقعے میں زخمی افرادکی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

Comments