اسلام آباد ،فیصل آباد( نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کی از سرِ نو تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے 2013ء سے 2022ء تک کا ریکارڈ بھی منگوایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں صرف 5 سال تک کے عرصے کا ریکارڈ موجود ہے۔پی ٹی آئی اور عمران خان کے انٹرنیشنل بینک اکائونٹس کے ریکارڈ کے لیے عالمی بینکس کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے گوشواروں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے، گوشواروں اور ریکارڈ کا تقابلی جائزہ لے کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی، آزاد آڈیٹرز کے ذریعے ریکارڈ کی فارنزک جانچ پڑتال ہو گی۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور ایف بی آر اپنی اپنی سطح پر یہ ریکارڈ حاصل کر کے کارروائی کریںگی۔ذرائع کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا، ناروے، فن لینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک سے بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ کے 4 ملازمین کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ان ملازمین میں طاہر اقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور محمد رفیق شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق 2008ء سے 2022ء تک ان ملازمین کے نجی اکائونٹس میں جتنی رقوم آئیں ان کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران نیازی بس تم نے اب گھبرانا نہیں۔ ہم فرح گوگی کو واپس لارہے ہیں جبکہ عمران نیازی کی ہر چوری کا ریکارڈ بھی جمع کیا جا رہا ہے ۔ اب عمران نیازی کا اصل چہرہ قوم کو دکھانے کا وقت آ گیا۔انہوں نے کہا کہ فرح گوگی عمران نیازی کی فرنٹ مین ہے، اس سے سچ اگلوائیں گے، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔عمران نیازی کی فارن فنڈنگ کے 2013 سے 2022 کے9سال کا ریکارڈ بھی منگوا رہے ہیں۔ ریکارڈ سے پتا چلے گا کہ عمران نیازی نے دھرنے کے دوران کس کس سے کتنے پیسے لیے، آڈیٹرز بٹھائیں گے ، جانچ پڑتال ہو گی کہ کہاں سے اور کتنا پیسا آیا۔ ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ہدایات دے دی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کے خفیہ انٹرنیشنل بینک اکائونٹس میں رقوم کا ریکارڈ حاصل کرنے کیلیے عالمی بینکس کو خط لکھیں گے۔ ایف بی آر ڈیٹا ایکسچینج ایگریمنٹ کے تحت کارروائی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کو دوبئی سے واپس لانے کی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید جیسے فتنہ ور ملک میں خانہ جنگی کے حالات پید اکرتے ہیں،ملک کا خزانہ لوٹنے کا حساب لیے بغیر انتخابات نہیں ہونگے،الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ ا ب ہم نے کرنا ہے ،اپوزیشن نے آئینی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا ہے ،عمران خان فرح خان کے وکیل بنے ہوئے ہیں اگر فرح بے قصور ہے تو عمران خان اسے واپس وطن لائیں اور وہ اپنے خلاف انکوائری کا سامنا کرے،عمران خان کے خلاف حکومت نے مقدمہ درج نہیں کرایا۔ روضہ رسول کے واقعہ پر عوامی اشتعال سامنے آئے گا۔ لانگ مارچ سے حالات خراب کیے تو ہمارا ردعمل آئے گا۔ شیخ رشید تم موت کے بہت قریب ہو، اللہ سے معافی مانگو۔ عمران خان اور شہریار آفریدی کو میرے منشیات کیس میں شامل تفتیش کیا جائے۔ فردوس عاشق اعوان وعدہ معاف گواہ بن جائے گی۔ آن لائن کے مطابق ان خیالات اظہار انہوں نے سمن آباد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے مقامی قیادت اور کارکنوں سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
Comments
Post a Comment