کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت سخت گرمی کے باوجود شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف پیر کو کے الیکٹرک کی 20 آئی بی سیزسمیت 35سے زاید دفاتر و مقامات پر مظاہرے کیے گئے ۔ مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں ، نیپرا اور کے الیکٹرک کے خلاف زبردست نعرے لگائے ۔ مظاہرین نے بڑے بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شاہراہ قائدین پر نورانی کباب ہائوس کے قریب واقع کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر قائد میں بدترین لوڈشیڈنگ کرنے ، انتہائی ناقص کارکردگی اور نا اہلی کا مظاہرے کرنے اور معاہدے کے مطابق پیداواری صلاحیت میں اضافہ نہ کرنے پر کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے ۔ اسے قومی تحویل میں لیا جائے ،کمپنی کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے اوراس کی اجارہ داری ختم کی جائے ۔ کراچی کے عوام کو بدترین لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے اورکے الیکٹرک پر کلا بیک کی مد میں واجب الادا 42ارب روپے صارفین کو واپس دلائے جائیں ۔ وفاقی حکومت کے الیکٹرک مافیا کو لگام دے اور اس کے ذریعے عوام جس اذیت سے دو چار ہیں نجات دلائی جائے ، کے الیکٹرک کی ہمیشہ اور ہر دور میں ہر حکومت نے سرپرستی کی اس حمایت اور سرپرستی میں نواز لیگ ، ق لیگ ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم شامل رہی ہیں۔ ہم ان تمام پارٹیوں اور حکومتوں کو بھی بے نقاب کریں گے جنہوں نے کراچی کے عوام پر کے الیکٹرک کو مسلط کیا ۔ شہر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لووڈشیڈنگ جاری ہے جو 10سے 14گھنٹے تک پہنچ گئی ہے ۔ کے الیکٹرک کی پیداواری صلاحیت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا اور حکومتیں اس کو سبسڈی دیتی آرہی ہیں ۔ ہم سوال کرتے ہیں کہ ایک پرائیویٹ کمپنی جو ایک مافیا بن چکی ہے اس کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جاتی ؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں جمعہ 20مئی کو شاہراہ فیصل پرواقع واٹر بورڈ ہیڈ آفس پر دھرنا دیا جائے گا اور29مئی کو مزار قائد سے ’’حقوق کراچی کارواں‘‘ نکالا جائے گا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ K-4منصوبہ فی الفور مکمل کیا جائے ۔ نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں K-3منصوبہ مکمل کیا جو کراچی کے لیے پانی کا آخری منصوبہ تھا۔ گزشتہ 17سال سے کراچی کے لیے ایک گیلن پانی کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا ۔ جماعت اسلامی وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کا حق لے کر رہے گی اور حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی ۔اس موقع پرضلع قائدین کے امیر سیف الدین ایڈووکیٹ ، پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکرٹری نجیب ایوبی ، کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ سیل کے عمران شاہد و دیگر موجود تھے ۔علاوہ ازیں کے الیکٹرک کی آئی بی سیزاور دیگر مقامات پر ہونے والے مظاہروں میں ضلع جنوبی میں کے الیکٹرک آئی بی سی سینٹر موسیٰ لین ، آگرہ تاج مسجد روڈ ، میراں ناکہ چوک لیاری ، مرزا آدم خان روڈ ، آئی بی سی کے الیکٹرک آفس بہار کالونی ، شاہ بیگ لین ، بکرا پیڑی لیاری ، مکی مسجد کے الیکٹرک آفس آئی بی سی گارڈن ،کے الیکٹرک آئی بی سی شاہین کمپلیکس آئی آئی چند ریگر روڈ ، ریس کورس سگنل ، کالا پل ، کے الیکٹرک آئی بی سی سینٹر ، ڈیفینس فیز iiایکسٹینشن ، گجر چوک منظور کالونی ، فرینڈز سی این جی دادا بھائی ٹائون،ضلع کورنگی میں علاقہ کورنگی کریک کے الیکٹرک دفتر قیوم آباد، علاقہ کورنگی انڈسٹریل ایریا غربی ، شرقی کے الیکٹرک آفس بلال کالونی پر علاقہ غربی کے تحت کے الیکٹرک آفس دارالعلوم پر، ضلع ملیر میں نیشنل ہائی وے پر،ضلع شرقی گلزار ہجری میں کے الیکٹرک آفس ، حسن اسکوائر ، مدینہ کالونی ،موسمیات،بیت المکرم مسجد ، منور چورنگی پر، ضلع کیماڑی کے تحت مشرف کالونی ، گلشن مزدور نیول ، W25اسٹاپ ، اتحاد ٹائون ، گلشن غازی، ہارون آباد آئی بی سی بنارس چوک اور بلدیہ ٹائون پر ،ضلع غربی میں اورنگی ٹائون ، مومن آباد ، منگھوپیر، پونے 5 نمبر چورنگی اورنگی ٹائون ، ضلع شمالی میں پاور ہائوس چورنگی اور فور کے چورنگی پرمظاہرے شامل ہیں۔ مظاہروں سے امرا اضلاع سید عبد الرشید ، فاروق نعمت اللہ ، وجیہ حسن ، محمد یوسف ، توفیق الدین صدیقی، محمد اسلام ،عبد الجمیل خان ، مولانامدثر حسین انصاری ،مولانا فضل احد حنیف ، ضلع شرقی کے نائب امیر انجینئر عزیز الدین ظفر اور دیگر نے خطاب کیا ۔
Comments
Post a Comment