کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ جماعت اسلامی عید کے بعد بھر پور طریقے سے حقوق کراچی تحریک آگے بڑھائے گی۔ عوام خواہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی رکھتے ہوں وہ کراچی کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے حقوق کراچی تحریک میں ہمارے دست و بازو بنیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی مختلف زبانوں، قومیتوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ہے یہ شہر سب کو اپنے دامن میں جگہ دیتا ہے۔ پورے ملک سے لوگ یہاں روزگار کے لیے آتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں لیکن بد قسمتی سے ہر حکومت اور حکمران جماعتوں نے اسے نظر انداز کیا ہے، شہر میں مسائل کے انبار ہیں کوئی اس کا پرسان حال نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف وزیر اعظم بننے کے بعد کراچی آئے، مختلف منصوبوں کے لیے اعلانات کیے ہم پوچھتے ہیں کہ ماضی میں تین مرتبہ مسلم لیگ کی حکومت رہی اس دوران انہوں نے شہر کے لیے کیا کیا؟ چودہ سال سے پیپلز پارٹی صوبے میں حکومت کر رہی ہے، ساڑھے تین سال پی ٹی آئی اقتدار میں رہی لیکن سوائے اعلانات اور وعدوں کے کسی نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ صرف جماعت اسلامی ہے جس کی شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کی شکل میں ایک کامیاب تاریخ موجود ہے، ہم عوام سے سوال کرتے ہیں کہ کیا صلاحیت دیانت اور خلوص کے حوالے سے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی اور پارٹی اس شہر کے بلدیاتی نظام چلانے کے قابل ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک رمضان المبارک کی ستائیسویں شب میں اس وعدے کے ساتھ حاصل کیا گیا تھا کہ یہاں اسلامی نظام نافذکیا جائے گا لیکن 74برس گزر گئے اللہ کا نظام نافذ نہیں کیا جا سکا، اسی وجہ سے آج ہر طرف بے چینی اور نا انصافی ہے، انصاف صرف طاقت اور پیسے والے کو حاصل ہے۔
Comments
Post a Comment