اسلام آباد (صباح نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک)اہل کراچی پر بجلی بم گرادیا گیا‘ بجلی فی یونٹ 4.83 روپے مہنگی کردی گئی جبکہ ملک کے دیگر حصوںمیںبجلی کی فی یونٹ قیمت 2.86روپے بڑھا دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بزنس ریکارڈر کی ویب سائٹ کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف میں 4.83 روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے الیکٹرک نے نیپرا کو مارچ کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی مد میں8.592 بلین روپے کی وصولی کے لیے 5.27 روپے فی یونٹ قیمت میںاضافے کی درخواست دی تھی۔ درخواست نیپرا میں کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر فنانس ایاز جعفر احمد نے دائر کی تھی۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے سے کراچی کے بجلی صارفین پر 7 ارب سے زاید کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق دسمبر 2021ء اور مارچ 2022ء کے درمیان فرنس آئل کی قیمت میں 10 فیصد اور آر ایل این جی کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مارچ کے مہینے کے لیے بجلی2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔علاوہ ازیں نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزینگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی مارچ کے مہینے کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے15پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے کراچی کے علاوہ ملک کے تمام بجلی صارفین کے لیے مارچ کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے86 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ اضافے سے بجلی صارفین پر تقریباً 29 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کی جانب سے تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دوران سماعت نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ مارچ میں مقامی کوئلے، گیس اور ایل این جی سے بجلی کم پیدا کی گئی، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی پر35 کروڑ روپے اور ایل این جی کے باعث 34 کروڑ روپے جبکہ بہتر صلاحیت والے پلانٹس نہ چلانے سے90 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔
Comments
Post a Comment