قائدین پبلک ایڈکمیٹی کا بحریہ ٹاؤن کا دورہ‘متاثرین سے ملاقات

 



جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ دیگر ذمے داران کے ہمراہ بحریہ ریزیڈنس ایکشن کمیٹی کی دعوت پر بحریہ ٹائون کا دورہ اور متاثرین سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ بحریہ ریزیڈنس ایکشن کمیٹی کی دعوت پر بحریہ ٹاؤن کا دورہ کیااورمتاثرین سے ملاقات کی۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،نائب صدرشاہد فرمان ،سیکرٹری اطلاعات فائق علی خان، ریزیڈنس ایکشن کمیٹی کے میجر (ر) شفقت ، رشید ڈار، طارق رحمان دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے انتظامیہ بحریہ ٹاؤن کراچی کی جانب سے یوٹیلیٹی چارجز میں ظالمانہ اضافے اور اس حوالے سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی مشکلات پبلک ایڈ کمیٹی کے سامنے رکھیں۔اس موقع پر سیف الدین ایڈووکیٹ اورنجیب ایوبی نے خطاب کرتے ہوئے متاثرین کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ اس اہم معاملے پر بحریہ انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے طویل جدوجہد کی ہے اور بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا جس سے متاثرین کو ریلیف بھی ملا لیکن معاہدے کے کچھ نکات پر اب تک عمل درآمد نہ ہونے پر متعلقہ متاثرین کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے جس پر ہمیں تشویش ہے ،ہم چاہتے تو بحریہ ٹاؤن میں بڑے احتجاج کی کال بھی دے سکتے تھے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ بامقصد گفتگو اورمذاکرات سے ہی مسائل حل ہوجائیں تو سب کے لیے بہتر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض اس بارے میں بات چیت کو ممکن بنایا جائے گا۔امید ہے کہ چند دنوں میں اہم پیشرفت سامنے آئے گی بصورت دیگر ہم متاثرین کے ساتھ مل کر ان کی آواز بنیں گے ۔

Comments