کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے عوامی مسائل بیٹھک پبلک ایڈ کمیٹی کراچی ادارہ نور حق میں متاثرین گلشن توحید کے وفد نے شکیل کی سربراہی میں ملاقات کی اور انہیں کامیاب دھرنے کی مبارکباد پیش کی ۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی ،نائب صدر پبلک ایڈ و انچارج کے الیکٹرک سیل عمران شاہد،نائب صدر پبلک ایڈو انچارج سوسائٹی سیل شاہد فرمان ،میر ارشد، شاہزیب و دیگر ذمے داران موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور اہل کراچی کو حقوق دلانے کی جدوجہد میں کراچی کے عوام جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔ہماری جدوجہد مسائل کے حل ،عوامی خدمت اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے ہے ۔جماعت اسلامی محض سیاسی جماعت نہیں بلکہ اقامت دین کی ایک ہمہ گیر تحریک ہے۔ ہمارے مسائل کا حل اسلام کے نظام عدل کے قیام سے ہی مل سکتا ہے۔ پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمے داران نے بتایا کہ گلشن توحید میں قبضہ مافیا کے خلاف جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کی جانب سے کی جانے والی قانونی جدوجہد کے نتیجے میں عدالت کی جانب سے ناظر کا تقرر کردیا گیا ہے اور جلد امکان ہے کہ اصل الاٹیز کو ان کے پلاٹ واپس مل جائیں۔
Comments
Post a Comment