کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوش ربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہی ہے ، مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی پیٹرول کی قیمت میں 12روپے ، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 10روپے کا اضافہ وزیر اعظم کا انتہائی ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلہ ہے ، جماعت اسلامی اسے مسترد کرتی ہے ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف آج اورکل بروز جمعہ ملک بھر میں 2 روزہ احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ، کراچی میں بھی بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ اوگرا کی تجویر کردہ قیمت سے زیادہ کیا گیا ، لیوی میں بھی اضافہ کیا گیا ،وزیر اعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن لینے اور عوام دشمن شرائط تسلیم کرنے کے بجائے غریب عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اور فیصلے کریں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا ،ہر چیز کی قیمت بڑھے گی ، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ ، بسوں ، کوچز اور چنگ چی رکشے والوں نے جو پہلے ہی من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں ،مزید اضافہ کر دیا ہے ، خوردنی تیل ، دودھ ، دہی ،سبزی اور پھلوں سمیت کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، انہوں نے کہا کہ اتنی نا اہل اور بدترین حکومت پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں آئی ۔
Comments
Post a Comment