لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیکا آرڈیننس کے ذریعہ اگر فیک نیوز پر پانچ سال کی سزا ہے تو وزیر اعظم بتائیں فیک حکومت اور فیک الیکشن پر کتنی سزا ہونی چاہئے ؟پی ٹی آئی کی حکومت کا وجود اور کارکردگی ہی جھوٹ کی بنیاد پر ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان جماعت اسلامی کی جد وجہد اسلامی نظام اور عوامی حقوق کےلیے ہے ملک کے معاشی ، سیاسی اور سماجی مسائل کا حقیقی حل صرف اللہ کے نظام میں ہے ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے سود کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا۔
سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی اپنی اپنی حکومتوں کو بچانے کےلیے لانگ مارچ اور احتجاج کر رہی ہیں، ملک میں معاشی سقوط ہو چکا حکومت اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھنے والے رضا باقر کو فی الفور فارغ کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا و طالبات کی فوری بحفاظت واپسی کا بندوبست کرے، حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقی کی وجہ سے لاہور شہر دنیا میں آلودگی میں پہلے نمبرپر آ چکا ہے۔ نوکری نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگار نوجوانوں کے چہرے پریشانی سے زرد ہو چکے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر 7دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی یہاں اسلام نافذ نہیں ہوسکا۔ ملک پر استعمار کے وفادار مسلط ہیں جنہوں نے پاکستانیوں کو مختلف تعصبات میں تقسیم کررکھا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت مدینہ کی ریاست کا نام لے کر اقتدار میں آئی مگر موجودہ دور میں بھی سیکولر اور دین بیزار قوانین تشکیل دیے گئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عریانی و فحاشی کو فروغ ملا اور سود کی لعنت جاری رہی۔ پاکستان 73برسوں میں اسلامی فلاحی ریاست نہ بن سکا، وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ قوم آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کو ووٹ دے اور آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے۔
Comments
Post a Comment