کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت ادارہ نور حق میں قائم عوامی مسائل بیٹھک میں سندھ جناح میڈیکل یونیورسٹی فارم ڈی (فارمیسی) کے طلبہ و طالبات کے ایک بڑے وفد نے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی و پبلک ایڈ ایجوکیشن سیل کے انچارج ابن الحسن ہاشمی و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے طلبہ و طالبات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی نے پہلے بھی طلبہ و طالبات کے مسائل حل کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور آئندہ بھی بھرپور تعاون کریں گے ۔ جماعت اسلامی سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم فارمیسی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ ہے اور مسائل کے حل کے لیے جمہوری اور قانونی جدوجہد کرے گی،یونیورسٹی کے طلبہ کو رجسٹریشن دینے سے انکار تعلیم دشمنی ہے،طلبہ و طالبات کو ذہنی اذیت سے دوچار کرنے والے ادارے اپنا قبلہ درست کریں،حکومتوں کی آپس کی چپقلش میں طلبہ کا مستقبل تباہ نہ کیا جائے ، بہت جلد ادارہ نور حق میں طلبہ و طالبات کے ساتھ پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ وفد نے بتایا کہ ہمارا کورس(فارم ڈی) مکمل ہوجانے کے باوجود بھی رجسٹریشن نہیں دی جارہی اور ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے،جس کے باعث ہمارا مستقبل داؤ پر لگادیا ہے۔ہم جماعت اسلامی کے پاس اِس امید سے آئے ہیں کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو طلبہ و طالبات کے مسائل حل کراسکتی ہے۔
Comments
Post a Comment