عدالت عظمیٰ کا فیصلہ جماعت اسلامی کی طویل جدوجہد کی تائید ہے ، حافظ نعیم

 




کراچی (اسٹاف رپورٹر) حق دو کراچی کو تحریک کے قائد و امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ میں بلدیاتی اداروں کو آئین کے تحت با اختیار بنانے کے لیے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم جماعت اسلامی کی طویل جدو جہد اور موقف کی تائید ہے ۔ سندھ حکومت جماعت اسلامی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز کرے ، جماعت اسلامی کا موقف اور جدوجہد کا بنیادی نکتہ ہی یہ تھا کہ سندھ حکومت آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو مالی ، انتظامی اور سیاسی اختیارات دے اور اختیارات ووسائل صوبے سے نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنائے ، عدالتی حکم میں بھی سندھ حکومت کو اسی آئینی تقاضے کو پورا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اگرعدالت عظمیٰ یہ فیصلہ پہلے ہی کردیتی اور آرٹیکل 140اے کی اصل روح کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات و وسائل دے دیے جاتے تو بہتر ہوتا ، اب ضرورت ہے کہ سندھ حکومت عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور احکامات پر عمل کرے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام شہروں کے بلدیاتی اداروں کو مالی ، انتظامی اور سیاسی طور پر با اختیار بنائے تاکہ بلدیاتی حکومتیں اور ادارے آئین کی روشنی میں اپنی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کر سکیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ آئین میں لوکل باڈیز کے حوالے سے باقاعدہ چیپٹر شامل کیا جائے اور جس طرح صدر ، وزیر اعظم ، گورنر اور وزرائے اعلیٰ و صوبائی حکومتوں کے اختیارات و حدود کا تعین کیا گیا ہے اسی طرح مقامی حکومتوں اور میئرز کے بھی اختیارات اور ذمے داری کا واضح طور پر تعین کیا جائے تاکہ ملک بھر میں بلدیاتی حکومتیں اور ادارے مستحکم اور فعال بنیں ، انہیں آئینی تحفظ حاصل ہو اور کوئی بھی صوبائی حکومت ان کو بے اختیار اور بے اثر نہ بنا سکے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس حوالے سے جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرا چکے ہیں، اب پی ٹی آئی ، نواز لیگ ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت تمام حکومتی اتحادی اور اپوزیشن جماعتیں اس قرارداد کی حمایت کریں اور بلدیاتی حکومتوں کا آئینی تحفظ یقینی بنائیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ کئی سال سے کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور گمبھیر مسائل کے حل کے لیے حق دو کراچی کوتحریک چلا رہی ہے ۔ وفاق اور صوبے دونوں سے اہل کراچی کے آئینی ، قانونی اور جمہوری حقوق کے لیے ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔

Comments