اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن+اے پی پی)نیپرا نے بجلی کی قیمت میں3روپے 10پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا،اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،اضافے کا اطلاق فرور ی کے بلز پر ہو گا۔چند روز قبل نیپرا نے دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی تھی اور اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ نیپرانے مہنگائی میں پسے عوام پر بجلی بم گراتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے10پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے۔ اضافہ شدہ قیمت فروری کے بلوں میں عوام سے وصول کی جائے گی۔ فیصلے کا اطلاق50یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔ فیصلے سے صارفین پر30ارب روپے سے زاید کا اضافی بوجھ پڑے گا جب کہ نیپرا کے فیصلے میں رکن سندھ رفیق شیخ نے اپنا اختلافی نوٹ بھی لکھاہے۔ رفیق شیخ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا ہے کہ دسمبر میں ایل این جی کی عدم دستیابی سے تقریباً2 ارب روپے کااضافی بوجھ پڑا ہے ، بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ایل این جی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا تھا تاکہ اضافی بوجھ نہ پڑتا۔ رفیق شیخ نے لکھا کہ ایل این جی کی جو بدانتظامی ہے جس کے باعث ایل این جی نہیں آئی ہے ، اس بدانتظامی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جاسکتا۔ رفیق شیخ نے یہ بھی لکھا ہے کہ جو نیپراکی توثیق کے بغیر چلنے والے پلانٹس ہیں ان سے بجلی کی خریداری پر انہیں شدیدتحفظات ہیں ۔علاوہ ازیںعالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمت کا اثر پاکستان میں تیل کی قیمتوں پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے ۔یکم فروری سے عالمی منڈی میں پیٹرول ساڑھے 6 روپے اور ڈیزل 5 روپے لیٹر مہنگا ہوا ہے، اس طرح گزشتہ اعلان کا فرق صارفین کو منتقل ہوا تو پیٹرول 13 روپے لیٹر بڑھ سکتا ہے جب کہ ایسی صورت میں ڈیزل کی قیمت 18 روپے لیٹربڑھ سکتی ہے ۔ آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے آئندہ 15روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے ورکنگ شروع کر دی ہے ۔ اوگرا 14 فروری کو نئی قیمتوں سے متعلق سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گا۔ دوسری جانب اوگرانے جنوری اورفروری کے لیے سوئی سدرن اورسوئی ناردرن کے نیٹ ورکس پرآرایل این جی کی نظرثانی شدہ قیمت جاری کردی ہے۔اوگراکی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فروری کے لیے ایس این جی پی ایل کے لیے آرایل این جی کی قیمت 13.3769ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو اورسوئی سدرن کے لیے 14.0783ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یومقررکی گئی ہے۔ اسی طرح جنوری کے لیے سوئی ناردرن کے لیے آرایل این جی کی قیمت 13.5655 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اورسوئی سدرن کے لیے 14.2803ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یومقررکی گئی ہے۔ دسمبرمیں سوئی ناردرن کے لیے آریل این جی کی قیمت 12.6238ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو اورسوئی سدرن کے لیے12.3769ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یومقررکی گئی تھی۔
Comments
Post a Comment