صوبائی وزیربلدیات کا دھرنا ختم کرانے کیلئے رابطہ ، عوامی مسائل بیٹھک ادارہ نورحق سے دھرنے کے مقام پر منتقل; پیپلز پارٹی کو بھاگنے نہیں دیں گے -مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،حافظ نعیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے سندھ اسمبلی پر دیے جانے والے دھرنے کے چوتھے روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کرلیا۔ناصر حسین شاہ نے حافظ نعیم الرحمن کو فون کیا اور سندھ اسمبلی پر جاری دھرنے کو ختم کرنے کا کہا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ نے احتجاج کرلیا اب دھرنا ختم کردیں۔حافظ نعیم الرحمن نے ناصر حسین شاہ کو واضح اور دوٹوک جواب دیا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی۔ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے جائز قانونی حق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔سندھ حکومت بلدیاتی قانون 2021ء کو ختم کرکے آئین کے مطابق نیا قانون لانے کا واضح طور پر اعلان کرے۔کراچی میں ایک بااختیار شہری حکومت جسے مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات حاصل ہوں قائم کرکے اور مئیر کا انتخاب براہ راست کرائے تو جماعت اسلامی سندھ اسمبلی کے سامنے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کردے گی بصورت دیگر جماعت اسلامی طویل جمہوری،سیاسی وقانونی جدوجہد وتحریک چلانے اورہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔جماعت اسلامی پرامن، آئینی وقانونی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور حقوق کراچی تحریک جاری رکھے گی۔
عوامی مسائل بیٹھک ادارہ نورحق سے دھرنے کے مقام پر منتقل
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صدر پبلک ایڈ جماعت اسلامی سیف الدین ایڈووکیٹ کی ہدایت پر عوامی مسائل بیٹھک دھرنے کے مقام سندھ اسمبلی پر منتقل کردی گئی ہے۔ سندھ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف جماعت اسلامی نے گزشتہ 5دن سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا ہوا ہے۔ جس میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین شریک ہیں۔ شہری،بلدیاتی و عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں پبلک ایڈ جماعت اسلامی کراچی نے اپنا عوامی مسائل بیٹھک ادارہ نور حق سے سندھ اسمبلی کے باہر اس وقت تک منتقل کردیا ہے جب تک اس ایکٹ میں تبدیلی نہیں ہوتی۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے سندھ اسمبلی کے باہرپبلک ایڈ جماعت اسلامی کے عوامی مسائل بیٹھک کے اسٹال پر تشریف لائیں۔
Comments
Post a Comment