حافظ نعیم کی صحت خراب‘ دھرنا چھوڑکر جانے سے انکار

 


کراچی (اسٹاف رپورٹر)حافظ نعیم الرحمن نے خرابی صحت اور سینئر کارکنوں کی جانب سے مسلسل درخواست کے باوجود تھوڑی دیر کے لیے بھی دھرنا چھوڑ کر جانے سے انکار کردیا، امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھاکہ مشکل حالات میں کارکنوں کو چھوڑ کر جانا جماعت اسلامی کی روایت نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی کے رکن شاہد فرمان نے اس سلسلے میں نمائندہ جسارت سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب شدیدبارش کے دوران جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی طبیعت مسلسل مصروفیت اور سرد موسم کی وجہ سے ناساز ہوگئی تھی، کارکنوں اور رہنمائوں نے متعد دبار حافظ نعیم الرحمن سے کچھ دیر کے لیے دھرنا چھوڑ کر گھر جانے کی درخواست کی جس پر حافظ نعیم الرحمن نے دھرناچھوڑ کر جانے سے انکار کردیا۔شاہد فرمان نے بتایا کہ باربار کی درخواست پر حافظ نعیم الرحمن نے سخت رویہ اختیار کر تے ہوئے کہاکہ اب ان سے اس بارے میں بات نہ کی جائے ۔


Comments