کراچی بچاؤ مارچ - جھلکیاں :::: نکلا ہے کراچی نکلا ہے ،حق لینے کراچی نکلا ہے ،ترانے کی گونج-سندھ حکومت کے خلاف پرجوش نعرے
نکلا ہے کراچی نکلا ہے ،حق لینے کراچی نکلا ہے ،ترانے کی گونج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی بچاؤ مارچ میں نکلا ہے کراچی نکلا ہے ،حق لینے کراچی نکلا ہے ترانے کی گونج سنائی دیتی رہی۔حافظ ساجد نے ’’نکلا ہے کراچی نکلا ہے ،حق لینے کراچی نکلا ہے ،سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی نکلا ہے ‘‘ترانہ پڑھا۔مارچ کے شرکاء کی جانب سے ترانے کو خوب پذیرائی ملی۔
کراچی بچاؤمارچ کے شرکاء کے سندھ حکومت کے خلاف پرجوش نعرے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی بچاؤ مارچ کے شرکا ء کالے بلدیاتی قانون پر سندھ حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ شرکا ء کا کہنا تھا کہ وہ شہر قائد کے حقوق غصب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔ سندھ حکومت کراچی سے امتیازی سلوک بند کرے۔
زرد ٹی شرٹ اسکواڈ ’’حق دو کراچی ‘‘ مارچ کی قیادت کرتا رہا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)زرد ٹی شرٹ میں ملبوس اسکواڈ ’’حق دو کراچی ‘‘ مارچ کی قیادت کرتا رہا۔مارچ کے شرکاء مختلف گاڑیوں میں سوار تھے جن میں سیکڑوں موٹر سائیکلوں ،کاریں سوزوکیاں کوچز ،بسیں ،ہائی روف،ہائی ایس او ر رکشے وغیرہ شامل تھے ۔
جے آئی یوتھ کے نوجوان مارچ کو منظم کرتے رہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت کراچی بچاؤ مارچ میں ٹریفک کنٹرول اور سیکورٹی کے لیے بڑی تعداد میں جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کی ذمے داری لگائی گئی تھی جنہوں نے زرد رنگ کی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھیں اور ان پر ’’حق دو کراچی کو‘‘ نمایاں طور پر تحریر تھا ۔جے یوآئی یوتھ کے نوجوان مارچ کو منظم کرتے رہے۔
کئی مقامات پر گل پاشی بھی کی گئی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں ایم اے جناح روڈ پر کراچی بچاؤ مارچ کے دوران پر کئی مقامات پر گل پاشی بھی کی گئی ۔مارچ کے شرکاء بالخصوص بچے اس منظر سے کافی محظوظ ہوتے نظر آئے۔
کراچی بچاؤمارچ میں مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی بچاؤ مارچ کے نے مثالی نظم وضبط کا مظاہرہ کیا ۔ مارچ شروع ہونے سے لے کر قائدین کے اختتامی خطاب تک کوئی بدنظمی دیکھنے میں نہیں آئی ۔ مارچ ختم ہونے کے بعد شرکا ء منظم انداز میں واپسی کے لیے روانہ ہوئے ۔ مارچ کے منتظمین کی جانب سے گاڑیوں کو بھی ترتیب سے لگوانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
میڈیا کے نمائندوں کیلیے خصوصی انتظام
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت کراچی بچاؤ مارچ میں میڈیا کے نمائندوں ،کیمرہ مینوں اور فوٹو گرافروں کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔مارچ کی کوریج کے لیے پرنٹ میڈیا والیکٹرانک میڈیا کی ٹیمیں DSNG’Sکے علاوہ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے اور کیمرہ مین و فوٹو گرافرز موجود تھے۔سوشل میڈیاپر لائیو کوریج کے لیے بھی مختلف ٹیمیں اپنی ذمے داریاں ادا کرتی رہیں۔ ریلی میں الخدمت کی موبائیل ڈسپینسریاں اور ایمرجنسی سروس وین بھی موجود تھیں۔
خواتین کیلیے الگ ٹریک مخصوص کیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی بچاؤ مارچ کے منتظمین کی ہدایت کے مطابق خواتین کے لیے سڑک کا الگ ٹریک مخصوص کیا گیا تھا۔ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں شریک خواتین کے ساتھ چھوٹے بچے بھی شریک تھے جو شرکاء کی جانب سے لگائے جانے والے نعروں کا جذباتی انداز میں جواب بھی دے رہے تھے۔
Comments
Post a Comment