تینوں بڑی پارٹیوں اور آمروں نے ملک برباد کیا ، سراج الحق

 



 
ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

 ملتان/لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دعوے کرتی ہے کہ اس نے ن لیگ کا گند صاف کیا، ن لیگ ملک کی تباہی کا ذمے دار پی پی کو اور پی پی مشرف کو موردِ الزام ٹھیراتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تینوں نام نہاد بڑی پارٹیوں اور ڈکٹیٹروں نے ملک کا ہر شعبہ برباد کیا۔ قوم اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ تینوں بڑی جماعتوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق ہے۔ اسٹیبلشمنٹ حکومت اپنے تابعداروں اور اپوزیشن اپنے فرمانبرداروں کی بناتی ہے۔ حکمران پارٹی فرد واحد اور دیگر2 بڑی سیاسی پارٹیوں پر خاندانوں کا تسلط ہے۔ بانیانِ پاکستان نے یہ ملک جاگیرداروں ، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے لیے نہیں بنایا۔ ہم پر مسلط اشرافیہ امریکا اور برطانیہ میں جا کر کہتی ہے کہ اس دفعہ ہمیں موقع دو، ہم آپ کے زیادہ فرمانبردار رہیں گے۔پی ٹی آئی کے دور میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں، حکومت اور نیب دونوں ناکام ہوگئے۔ حکمرانوں نے ساڑھے 3 برس میں معیشت تباہ کی، اب ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہو رہے ہیں۔ صحت کا نظام ڈبلیو ایچ او ، تعلیمی نصاب غیر ملکی این جی اوز تیارکرتی ہیں۔ حکومت ڈاکٹر عافیہ کو اب تک واپس نہ لا سکی، ابھی نندن کو عزت سے رہائی دے دی۔ جنوبی پنجاب میں غربت ناچ رہی ہے، کسان قطاروں میں کھڑے ہوکر کھاد خرید رہے ہیں اور ان پر لاٹھی چارج ہوتا ہے۔ ٹیکسوں کی بھرمار نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا، حکومت کا بس چلے تو سورج کی روشنی پر بھی ٹیکس لگا دے۔ حکمران مہنگائی اور بے روزگاری کا جن قابو کرنے میں مکمل ناکام ہو گئے۔ ہمیں سودی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ قوم امریکا کے ایجنٹوں کو مسترد کر کے اسلام کا نام لینے والوں کو آگے لائے۔ بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ نامنظور، جو مسلمان نہیں اس کے لیے اقلیت کا لفظ ختم کر کے پاکستانی بھائی کا اسٹیٹس دیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ملتان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی، جماعت اسلامی کے مقامی رہنما انجینئر عاطف عمران اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ کراچی کے مختلف اضلاع میں عوامی اور تنظیمی تقریبات میںشرکت کے بعد سراج الحق گزشتہ 2 روز سے جنوبی پنجاب کے دورے پر ہیں۔ انھوں نے پیر کو ضلع مظفر گڑھ اور تونسہ میں بھی جلسوں سے خطاب کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ ملتان اولیا کا شہر ہے خانوں ،وڈیروں، سرمایہ اور جاگیرداروں کا نہیں جنھوں نے سالہاسال سے پورے خطے جنوبی پنجاب پر قبضہ کیا ہوا ہے اور لوگوں کو اپنا غلام بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام اب جاگ گئے ہیں اور وہ اسٹیٹس کو کو مسترد کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کامیابی کا راستہ نبی پاکؐ کے نقش قدم پر چلنے میں ہے۔ لوگ اپنی زندگی اور ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ہمقدم بنیں۔ تباہ حال معیشت ملک کا بڑا مسئلہ ہے۔سودی معیشت کی وجہ سے قوم ہزاروں ڈالرز کی مقروض ہے۔عملاً آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک ملک کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں اور ہمارے حکمران صرف ان پالیسیوں کو نافذ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیپٹلزم ، کیمونزم سمیت دنیا کے تمام مصنوعی نظام تباہی لائے۔ انسانیت کی فلاح صرف اور صرف اللہ کے دیے گئے دائمی نظام کو اپنانے میں ہے۔ ہمیں مل کر سودی معیشت اور فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہو گا۔ اسلام کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی سوشلزم، سرمایہ دارانہ نظام اور مغربی جمہوریت کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کو اسلام کے نام پرحاصل کیا گیا، مگر 73برس سے ہم ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں کرا سکے۔ قوم جان لے کہ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے متراد ف ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آئندہ الیکشن میں عوام جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کر کے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پرڈالیں گے۔سراج الحق نے کہا کہ قوم کو متحدہو کر سیکولرازم کی یلغار کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہمیں اپنی جامعات ، کالجزاور اسکولوں میں اسلامی اور جدید تعلیمی نظام لانا ہو گا۔ جب اسلام کا نظام آئے گا تو ہر مدرسہ اسکول اور ہرا سکول مدرسہ بنے گا۔ ہماری خاندانی اساس پر حملے ہو رہے ہیں، قوم کو متحد ہو کر اس یلغار کا مقابلہ کرنا ہے۔ پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکا دیا۔ اسلامی نظام میں کروڑوں لوگ ڈھائی فیصد کے حساب سے زکوٰۃ دیں گے کوئی ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں۔ جماعت اسلامی پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے 4 موسموں، زرخیز زمین اور بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ قوم موقع دے ان شاء اللہ ملک کے وسائل عوام پر خرچ کریں گے اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالیں گے۔

Comments