کارکنان ہر طرح کے حالات کے لئے تیار ہوکر آئیں - جماعت اسلامی کی بلدیاتی ایکٹ کے خلاف مہم جاری،31دسمبر کو دھرنے کااعلان

 


کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی غاصبانہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف مہم جاری ہے،31دسمبر کو سندھ اسمبلی کے باہر زبردست دھرنا دیں گے اور اسی دھرنے میں کوآپریٹیو سوسائٹیز کے مسائل بھی میڈیا کے سامنے لائیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر برائے کوآپریٹیو سوسائٹیز اکرام اللہ دھاریجو سمیت تمام متعلقہ افسران سے کہتے ہیں کہ تمام کوآپریٹو سوسائٹیز کے مسائل حل کریں،اب جعلی پارٹیاں، جعلی انتظامیہ اور قبضہ مافیا کا راج نہیں چلے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن کے ادارے کرپشن کو فروغ دینے والے ادارے بن گئے ہیں،سندھ سکریٹریٹ تعصب اور مال بنانے کا ٹھکانہ بن چکا ہے، رجسٹرار آفس میں اربوں روپے کی ہیر پھیرہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام متاثرین کے ساتھ مل کر حق لے کر رہیں گے،سندھ حکومت نے کراچی کے عوام پر غاصبانہ بلدیاتی ایکٹ نافذ کردیا ہے،ایم ڈی اے، ایل ڈی اے، کے ڈی اے سمیت تمام اداروں پر سندھ حکومت قابض ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ شہر کو ایک چین آف کمانڈ کے تحت ہونا چاہیئے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہناتھا کہ بااختیار شہری حکومت قائم ہونی چاہیئے، شہر کے تمام ادارے میئر کے ماتحت ہونے چاہییے،پیپلزپارٹی میئر کا براہ راست الیکشن کروانے سے کیوں ڈرتی ہے،جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک جاری ہے،شہر میں پر امن مظاہرے اور دھرنے دیے جارہے ہیں۔

Comments