سپریم کورٹ نے آج دوپہر تک نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم دے دیا

 

کراچی: سپریم کورٹ نے کراچی میں قائم نسلہ ٹاور کو آج دوپہر تک مکمل گرا کر رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہوئی۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا۔

کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے نسلہ ٹاور پر آپریشن کر دیا ہے، میں عمارت گرانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریماکس میں کہا کہ بتائیں عمارت کتنی گری، کتنا کام ہوا؟ جھوٹ مت بولیں، ہم سمجھ رہے ہیں آپ نہیں سمجھ رہے، آپ صرف ٹائم پاس کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کوشش چھوڑیں، یہاں سے سیدھا جیل جائیں، دوپہر تک نسلہ ٹاور گرا کر رپورٹ پیش کریں، نسلہ ٹاور کے ساتھ تجوری ہائٹس کی بھی رپورٹ ساتھ لائیں، پورے شہر کی مشینری لگا دیں۔

 

Comments