کراچی میں پے درپے آگ لگنےکے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے،حافظ نعیم الرحمن

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے صدر میں زینب مارکیٹ کی بالائی منزل پر قائم وکٹوریہ مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کی مارکیٹوں میں پے درپے آگ لگنے کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے کہ کہیں کراچی کی تجارتی، کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے خلاف کوئی سازش تو نہیں جس پر عمل کیا جارہا ہے۔پہلے ہی کوآپریٹو مارکیٹ کی آتشزدگی پر بھی دکانداروں کے شدید تحفظات ہیں کہ یہ آگ دانستہ کیمیکل کے ذریعے لگائی گئی ہے ورنہ اتنی جلدی مارکیٹ کا جلنا ممکن نہ تھا، اب پھر یہ آگ مارکیٹ میں لگی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ شہر میں آئے روز اس طرح کے آگ لگنے کے واقعات تواتر کے ساتھ رونما ہورہے ہیں اور بدقسمتی سے سندھ حکومت، کے ایم سی اور متعلقہ اداروں کے پاس فوری طور پر آگ بجھانے کے انتظامات اور ضروری آلات موجود نہیں جبکہ فائر بریگیڈ اور عملہ بھی بروقت جائے حادثہ پر نہیں پہنچ پاتا۔چند روز قبل صدر کوآپریٹیو مارکیٹ میں لگی آگ جس میں سیکڑوں دکانیں جل گئیں اس موقع پر بھی فائر بریگیڈ کا عملہ بہت تاخیر سے پہنچا اور متاثرہ دکانداروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ابھی اس خوفناک آتشزدگی کے متاثرین کی بحالی اور معاوضے کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت نے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے تھے کہ ایک اور واقعہ رونما ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کو آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری طور پر اقدامات کرنے چاہئیں اور فائر بریگیڈ کو بھی اس قابل بنانا چاہیے کہ شہر میں ہونے والے واقعات پر فوری کارروائی اور آگ بجھانے کو یقینی بنایا جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ حکومت کوآپریٹیو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کی بحالی کے لیے فوری طور پر معقول معاوضہ ادا کرے۔


Comments