ڈھاکا: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو پہلے ٹی20بین الاقوامی کرکٹ میچ میں4وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔3 ٹی20میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے کھیل کر پاکستان کو جیت کے لیے128رنز کا ہدف دیا جو پاکستان کی ٹیم نے19.2اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بنگلا دیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 22 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ چوتھے اور 5ویںنمبر پر آنے والے حیدر علی اور شعیب ملک بھی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔24 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی جس کے بعد فخرزمان اور خوشدل نے مزاحمت کی اور ا سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم فخر 34 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد خوشدل بھی 34 رنز بناکر پولین لوٹ گئے تاہم شاداب خان اور محمد نواز نے آخری اوورز میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 2.3 اوورز میں 36 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ محمد نواز 8 گیندوں پر18اور شاداب خان 10 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کے حسن علی کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جمعہ کو شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم ، ڈھاکا میں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ شروع ہوا تو بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان محموداللہ نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز محمد نعیم اور سیف حسن نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص آغاز فراہم نہ کرسکے اور صرف 10 رنز کے مجموعہ پر پویلین لوٹ گئے، ون ڈائون آنے والے کھلاڑی نجم الحسن بھی صرف7رنز بناسکے اورآئو ٹ ہوگئے۔پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلا دیشی کھلاڑی بے بس دکھائی دیے تاہم مہدی حسن اور عاطف حسین نے مزاحمت کی کوشش کی جس کے نتیجے میں بنگلا دیشی ٹیم مقررہ20اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر127رنز کا مجموعہ ترتیب دے سکی۔ پاکستان کی جانب سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسن علی نے22رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جب کہ شاداب اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں 128 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا ۔ محمد رضوان پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر مستفیض الرحمان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کپتان بابر اعظم بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور وہ 7 رنز بناکر تسکین احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد حید ر علی اور شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔ حیدر علی کو مہدی حسن نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا جبکہ شعیب ملک رن آئوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد فخر زمان بھی 34 رنز بنانے کے بعد تسکین احمد کی گیند پر نور الحسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔خوشدل شاہ پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر شرفل الاسلام کی گیند پر نورالحسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شاداب خان21 اور محمد نواز 18 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور میزبان ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ بنگلا دیش کی طرف سے تسکین احمد نے 2 جبکہ مہدی حسن ،مستفیض الرحمان اور شرفل الاسلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کے حسن علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائیگا۔دوسری طرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ۔جس کے بعد ٹیم کے کھلاڑی بنگلا دیش ڈھاکا روانہ ہونگے۔
Comments
Post a Comment