لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت مصنوعی آکسیجن پر چل پر رہی ہے، بیساکھیاں ہٹ جائیں تو انجام بلوچستان کی صوبائی حکومت کی طرح ہو گا۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت کمزور پچ پر کھیل رہی ہے، گزشتہ تین برسوں میں ملک کے ہر شعبے کو برباد کیا گیا، ادارے کمزور ہوئے اور بیڈ گورننس کی تاریخ رقم ہوئی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے سٹیٹ بنک اور ملکی معیشت کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کے تابع کر دیا ہے، ڈالر کی پرواز اور روپیہ کی تنزلی کا سفر جاری ہے ۔ سوا تین سالوں میں اربوں ڈالرز کا مزید قرضہ غریب قوم کے سر پر لاد دیا گیا۔
سراج الحق نے مزید کہاکہ وزیراعظم جو کشکول توڑنے کے دعوے کرتے تھے اب دونوں ہاتھوں میں کشکول لے کر گھوم رہے ہیں، سرمایہ دارانہ اور سودی معیشت نے مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان برپا کر دیا ہے، پوری قوم حیران ہے کہ نااہل حکمران ملک کے ساتھ کیا کر رہے ہیں؟
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی پر حملے اور شہادتیں ماضی کے حکمرانوں کی پالیسیوں کا تسلسل ہیں، ماڈل ٹاﺅن میں بھی اسی طرح لوگوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا کہ وہ مظاہرین پر لاٹھیوں اور بندوقوں سے دوڑے۔ پی ٹی آئی نے ہر معاملے میں سابقہ حکومتوں کے تسلسل کو برقرار رکھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکمران اشرافیہ اسٹیٹس کے علمبردار ہیں، ملک پر مسلط اشرافیہ کے پاس ملکی مسائل کے حل کا کوئی منصوبہ نہیں، یہ لوگ صرف اپنے مفادا ت کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
Comments
Post a Comment