سراج الحق کی اپیل پر سندھ بھر میں مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج ریلیاں ،عمران سرکار سے استعفے کا مطالبہ

 



کراچی،حیدرآباد، نوابشاہ، دادو، بدین، گولارچی، ٹنڈو باگو، شادی لارج (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف ہفتہ احتجاج کے سلسلے میں اتوار کو ملک بھر کی طرح سندھ کے مختلف شہروں حیدرآباد، نوابشاہ، دادو، بدین، گولارچی، ٹنڈو باگو، شادی لارج اور تلہار میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی سے صوبائی، ضلعی اور مقامی ذمے داران نے خطاب کیا، مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں بینرز و پلے کارڈاٹھا رکھے تھے جن پر حکمرانوں مہنگائی ختم کرو، غریب عوام کو زندہ رہنے کا حق دو جیسے نعرے درج تھے، اس موقع پر مہنگائی کے خاتمے، مہنگائی مافیا کے کارروائی اور قیمتوں پر کنٹرول کرکے روزمرہ کے اشیاء خورد نوش کی قیمتوں کو عام آدمی کے دسترس تک پہنچانے کے مطالبات پر مبنی قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔ نوابشاہ میں کبیر مسجد اسٹیشن روڈ پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ دھوکا ثابت ہوا، یہ تبدیلی نہیں بلکہ تباہی ہے، مہنگائی کے سونامی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے، موجودہ حکومت اپنی غلط پالیسیوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر معیشت تباہ اور لوگوں سے زندہ رہنے کا حق بھی چھننا چاہتی ہے، لگتا ہے کہ حکومت غربت ختم کرنے کے نام پر اپنے ناعاقبت اندیش فیصلوں سے عملی طور غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور سودی نظام سے نجات کا واحد حل ملک میں شرعیت کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہے، جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے انہوں نے زور دیا کہ عوام اپنے مسائل کے حل اور اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر امیر ضلع سرور احمد قریشی اور مقامی امیر فیصل ہمایوں نے بھی خطاب کیا۔ حیدرآباد میں مقامی دفتر سے کوہ نور چوک تک ریلی نکالی گئی جس سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار ناکام ہو چکی ملک تباہی کی جانب گامزن ہے، عمران خان نے قوم سے کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا، مہنگائی سے شہری خودکشی کررہے ہیں جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں مگن ہے۔آٹا، گھی، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جماعت اسلامی حکومت کی کارکردگی کو مسترد کرتی ہے، سلیکٹیڈ حکومت عوام پر کسی عذاب سے کم نہیں۔ آئی ایم ایف کے حکم پر نالائق حکومت پاکستانی عوام کا خون نچوڑ رہی ہے۔ عمران خان کی حکومت نے قوم اور ملک کو تباہ کر دیا ہے، پیٹرول، بجلی،چینی، گھی،آٹا کی قیمتوں میں اضافہ واپس کیا جائے۔ ظالمانہ اقدامات واپس نہ لیے گئے تو یہ احتجاج بڑھے گا۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل طور پر سرنگوں ہو چکی اور اس کے ایما پر عوام کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت کا گھر جانا ہی ملک و قوم کے مفادات میں ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ واپس لیا جائے،چینی، گھی آٹا کی قیمتوں میں اضافہ واپس کیا جائے،پوری قوم عمران خان کے اقدامات سے تنگ آگئی ہے۔حکومت نے لوگوں کے گھر چھین لیے، نوکریاں چھین لیں نوجوان بے روزگار ہو گئے ہیں خود کشیاں کر رہے ہیں۔حکومت مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دے۔ا حتجاجی مظاہرے میں نائب امراء عبدالقیوم شیخ، ڈاکٹر سیف الرحمن، قاری محمد افضل شاکر، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان سمیت جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بدین میں بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف مسجد اقصیٰ کھوسکی روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں اور مکانات کا اعلان کرنے والے دعویداروں نے عوام کو بھوک افلاس مہنگائی بیروزگاری بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا ،آئے روز پیٹرول اور دیگر روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں۔بدین ضلع کے مختلف شہروں بدین گولارچی ٹنڈوباگو شادی لارج تلہار ماتلی میں بھی مہنگائی بیروزگاری سودی نظام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے، نائب امراء اللہ بچایو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی، عبدالکریم بلیدی، عظیم احمد منصوری، محمد سلیم جونیجو، فتح خان، ایازلطیف سومرو سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دادو میں مرکھ پورسے پریس کلب تک امیر ضلع مولانا عبدالواحد ببر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی میں دیدیا گیا ہے، عوام کا مہنگائی کے ہاتھوں جینا دوبھر ہوچکا ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کی پروا نہیں وہ صرف اقتدار کی مدت پوری کرنا چاہتے ہیں، عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کرپٹ لوگوں بالخصوص پاناما میں شامل عناصر کا احتساب کریں گے لیکن وہ احتساب آج تک نہیں ہوسکا البتہ پینڈورا پیپر میں نئی فہرست سامنے آگئی ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کے لوگ شامل ہیں ۔ تیرا چور مردہ باد میرا چور زندہ باد کی پالیسی اختیار کرنے والے حکمرانوں سے کسی خیر کی امید رکھنا فضول ہے۔

Comments