ڈالر اور ایل پی جی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

 


لاہور/ اسلام آباد (آن لائن/ صباح نیوز) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں40 پیسے فی ڈالر کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد جہاں ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ وہاں پاکستانی روپے کی قدر بھی تاریخ میں پہلی بار اتنی گری ہے۔ ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے اضافے کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 170 روپے فی ڈالر جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 172 روپے 90 پیسے فی ڈالر ہوگئی ہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے سے درآمدی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا جس سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں مائع قدرتی گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں20 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھرکے مطابق کمپنیوں نے اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کو جواز بناکر کیا ہے‘ گھریلو سلنڈر 236 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 908 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے‘ ایل پی جی175روپے سے بڑھ کر 195روپے فی کلو ہوگئی ہے‘ گھریلو سلنڈر2060 روپے سے بڑھ کر2300 روپے کا ہوگیا ہے جب کہ کمرشل سلنڈر 7 ہزار 925 روپے سے بڑھ کر 8 ہزار 853 روپے کا ہوگیا ہے۔




Comments