وزیراعظم نا مکمل گرین لائن منصوبے کا افتتاح اور سرکلر ٹرین کا سنگ بنیاد رکھنے آج کراچی پہچیں گے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نامکمل گرین لائن منصوبے کا افتتاح کرنے اور سرکلر ٹرین کا سنگ بنیاد رکھنے آج کراچی پہنچیں گے‘ گورنر ہاؤس میں منصوبے سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی جائے گی‘گرین لائن منصوبہ 5سال قبل مکمل ہوناتھا‘ پی ٹی آئی حکومت بھی3سال میں منصوبہ مکمل نہ کرسکی‘ کئی اسٹیشنوں پر نمائشی کام کرکے آغاز کیاجارہا ہے‘16ارب روپے لاگت کا منصوبہ اب 24ارب60کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ وزیراعظم کراچی سرکلر ریلوے کے250ارب کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے‘ اس منصوبے کو مکمل کرنے کیلیے تین سال کی نوید سنائی جارہی ہے‘ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پریشان شہری حکومتی دعوؤں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج(پیر)کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے،وزیراعظم کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے کا افتتاح اورجدید کراچی سرکلرریلوے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی میں وفاق کے کراچی میں منصوبوں کا جائزہ لنے کے لیے ایک اجلاس گورنرہاؤس میں ہوگا اوروزیراعظم کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے گرین لائن بس کا افتتاح جبکہ جدید کراچی سرکلرریلوے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ریلوے حکام کے مطابق کراچی میں جدید سرکلر ریلوے بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین ہوگی،یہ منصوبہ250 ارب روپے کی کثیر لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر مکمل کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں آپریشنز بحال کیے جائیں گے، اس عظیم منصوبے کو تین سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا، ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی منصوبے سے یومیہ 3 سے 5 لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ منصوبہ نجی شعبے کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا، حکومت اراضی دے گی سرمایہ کاری نجی شعبہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزرا اسدعمر،علی حیدرزیدی،امین الحق اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل سمیت قومی وصوبائی اسمبلی کے ارکان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو وفاق کے کراچی میں منصوبوں کے حوالے بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم سے بزنس کمیونٹی سمیت مختلف شخصیات کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ دوسری جانب ریلوے کے ای کنسلٹنٹس نے ایسی جدیدسرکلر ریلوے کی فزیبلیٹی مکمل کرلی ہے جس کے زیادہ معاشی فوائد سمیٹے جا سکیں گے،جدید کے سی آر کو لائٹ ریل سٹینڈرڈ گیج رولنگ اسٹاک کی بنیاد پرتشکیل دیا گیا ہے اور کے سی آر لوپ سیکشن سے لیول کراسنگ کے خاتمے کے لیے ٹریک کی ساخت کے تجویز کردہ ڈھانچے میں زیر مین ایک کلو میٹر، لمبائی، 04ایلیویٹڈ ٹریکس 12.5 کلو میٹر، ایک روڈ انٹرچینج اور دو کلوروٹس شامل ہیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے تحت ایف ڈبلیو او کو انڈر پاس کی تعمیر کا کام معاہدے کی تقریبات کی تاریخ سے 6 ماہ کے اندر اندر مکمل کرناہوگا۔
Comments
Post a Comment