حکمراں جماعتیں عوام کا اعتماد کھوچکیں ،کراچی اپنی اصل کی طرف لوٹ رہا ہے،حافظ نعیم

 https://fb.watch/800yR3lLh9/

 


امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔کراچی اپنی اصل کی طرف لوٹ رہا ہے ، عوام کے اعتماد اور کارکنوں کی محنت و قربانیوں کے باعث کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی انتخابی پیش رفت کا سفر ان شاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔ بلدیاتی انتخابات میں بھی اہل کراچی جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں گے ۔ پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سے عوام مایوس ہو رہے ہیں کیونکہ تینوں حکمران پارٹیوں نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ۔تمام حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں ، بالخصوص ایم کیو ایم آئوٹ ہو گئی ہے ، کراچی میں جماعت اسلامی ہی واحد متبادل جماعت ہے ، جماعت اسلامی عوام کے اعتماد پر ماضی کی طرح آئندہ بھی پورا اُترے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے تحت اجتماع کارکنان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
 
 

 اجتماع کا انعقاد کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی شاندار پیش رفت کے حوالے سے کیا گیا تھا ۔ اجتماع سے نائب امرا کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، الیکشن سیل کے انچارج راجا عارف سلطان ،ڈپٹی سیکرٹری عبد الواحد شیخ اور سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ کے حلقوں سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع سید شاہد ہاشمی ، سید عبد الرشید ، توفیق الدین صدیقی اور عبد الجمیل خان نے بھی خطاب کیا اور انتخابی جائزہ پیش کیا ۔ اجتماع میں شہر بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اجتماع میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں منتخب ہونے والے جماعت اسلامی کے نمائندے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 7 سے زکر محنتی،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 9 سے احمد یاسر،کنٹونمنٹ بورڈ ملیر وارڈ 1سے کرنل (ر)ملک محمد رضا،کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وارڈ 5سے محمد ریحان اقبال،کنٹونمنٹ بورڈ فیصل وارڈ 2 سے ابن الحسن ہاشمی نے بھی شرکت کی جن کا بھر پور استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے اور کراچی کے گمبھیر اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے با اختیار شہری حکومت کا قیام یقینی بنائے جس کے لیے موجودہ بلدیاتی ایکٹ بھی ختم کیا جائے ، کوٹا سسٹم ختم کیا جائے ، مردم شماری دوبارہ کرائی جائے ،این ایف سی کے مطابق اضلاع کو بھی پی ایف سی ایوارڈ دیا جائے ،حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنایا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک تیزی سے جاری ہے ، جماعت اسلامی وفاقی و صوبائی حکومتوں سے 3 کروڑ سے زاید عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے اور مسائل کے حل کے لیے اپنی آئینی و قانونی اور جمہوری جدو جہد جاری رکھے گی ۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ،کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں جیتنے والے جماعت اسلامی کے نمائندے بلا تفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت کریں گے اور کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے ،ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی کے دور میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں ،موجودہ منتخب امیدوار بھی کراچی کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماضی میں اور موجودہ 3 سال کے دوران بھی وفاقی و صوبائی حکومت نے کراچی کو مسلسل نظر انداز کیے رکھا ہے ۔ ایک سازش اور منصوبے کے تحت اہل کراچی کی حق تلفی کی جارہی ہے ۔ کبھی کوٹا سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کرکے ، کبھی جعلی ڈومیسائل بنوا کر نوجوانوں کوسرکاری ملازمتوں سے محروم کر کے اور کبھی جعلی مردم شماری میں شہر کی آدھی آبادی غائب کر کے کراچی کو وسائل اور حقیقی نمائندگی سے محروم کردیا جاتا ہے ۔ یہ سلسلہ اب بند ہو نا چاہیے ، جماعت اسلامی عوام کے ان حقوق کے لیے کسی صورت میں بھی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ تمام تر حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود عوام نے فیصلہ سنادیا کہ وہ وفاق وسندھ حکومت کی نااہلی سے بے زار ہیں ۔ہم نے کراچی کی تمام اہم نشستوں پر اول یا دوم پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ہمارا مقابلہ حکمران جماعتوں سے تھا،اہل کراچی نے جماعت اسلامی پر اعتماد کر کے حکمران جماعتوں پر عدم اعتماد کردیاہے ،شہر سے ایم کیو ایم کا مکمل اور پی ٹی آئی کاآدھاصفایا ہوگیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی جتنی بھی کامیابی ہے وہ سب مضافاتی یا لسانی کامیابی ہے کیونکہ وہاں کے لوگ جبرکا شکار ہیں ۔راجا عارف سلطان نے انتخابی نتائج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ جماعت اسلامی کے 5 امیدواروں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جبکہ کم از کم 5 سیٹوں پر 50 سے کم کا فرق،2 سیٹوں پر 100 سے کم کا فرق اور1 سیٹ پر 150 سے کم کا فرق سے کامیابی نہ ہو سکی جبکہ بیشتر پر دوسرے نمبر پر رہے ۔17ہزار سے زاید ووٹ حاصل کیے ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں کامیابی کے حوالے سے اجتماع کارکنان سے خطاب اور کامیاب امیدواروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں



Comments