کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے کئی دن گزر جانے کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ، آلائشیں ٹھکانے نہ لگانے اور شہر میں جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے عوام کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامناکرنا پڑرہا ہے ، گندگی پھیلنے ، وقفے وقفے سے بارش بھی ہونے اور جراثیم کُش اسپرے نہ کرنے سے شہر کی فضاء میں تعفن پھیل رہا ہے اور بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ ، بلدیاتی ادارے ، شہری و ضلعی انتظامیہ ، انڈمنسٹریٹر ،ضلع اور یونین کونسل میں تمام اختیارات اور وسائل پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے پاس ہیں ۔ اس لیے اب تو تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے کسی اور پر ذمہ داری ڈال کر سندھ حکومت بری الذمہ نہیں ہو سکتی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ حکومت ،صوبائی وزراء اور اس کے ماتحت اعلیٰ سرکاری افسران کی نا اہلی اور نا قص کارکردگی نے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر کر دی ہے ۔ عید الاضحیٰ سے قبل اور بعد میں صرف بڑے بڑے دعوے اور نمائشی اقدامات تو کیے گئے اور بیانات بھی دیئے گئے لیکن شہر میں عملاً صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ بہت سے علاقوں میں جانوروں کی آلائشیں اور باقیات تاحال موجود ہیں ، جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر جمع ہیں ،نالوں کی صفائی کے دوران نکالا جانے والا کچرا بھی نالوں کے ساتھ سڑک پر ہی ڈال دیا گیا اور اس کے اُٹھانے کا کوئی موثر انتظام نہیں کیا جس کے باعث ایک طرف نہ صرف بد بو اور تعفن پھیل رہا ہے دوسری طرف شہریوں کو بھی شدید زحمت اور کوفت کا سامنا ہے ۔ بالخصوص ضلع وسطی کی صورتحال بہت زیادہ خراب ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو اس سنگین صورتحال سے کوئی سرو کار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کو صرف کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے اسے کچھ دینے اور شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے پر تیار نہیں ہے ۔کراچی کے ساتھ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا یہ رویہ اور سلوک عرصہ دراز سے جاری ہے اور یہ سلسلہ ختم نہیں ہو رہا ۔
Comments
Post a Comment