کورونا سے اموات میں اضافہ ۔شہری 31 اگست تک ویکسین لگوالیں،حکومت ،این سی او سی کی کراچی میں لاک ڈاؤن کی مخالفت





اسلام آباد/کراچی( آن لائن+صباح نیوز+ اسٹاف رپورٹر) سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 76افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ 4ہزار 497مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ادھر سندھ حکومت نے کراچی میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر شہر میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق 2 ہفتوں کے لیے کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن کامطالبہ کورونا ٹاسک فورس کے طبی ارکان کا ہے،کراچی میں کورونا کیسز میں اضافہ اور اسپتالوں میں گنجائش انتہائی کم ہورہی ہے۔ گزشتہ 2 دنوں میں 370 سے زائد افراد کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا، اسپتالوں میں مریضوں کے بڑھتے داخلوں کے باعث آکسیجن سپلائی پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔کورونا ٹاسک فورس ممبران کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن لگانے پر حتمی فیصلہ کل وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں کیا جائے گا۔مکمل لاک ڈاؤن کے دوران کاروباری اداروں کو بند اور عوام کی نقل و حرکت پر پابندی لگائی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کورونا سے بری طرح متاثر ہورہا ہے، سخت اقدامات کرنا ہوں گے، اگلے کچھ مہینے بہت اہم ہیں۔دوسری جانب این سی او سی نے کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی ہے، سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ ہفتوں ہفتوں شہر بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، ایس او پیز پر عمل درآمد، اسمارٹ لاک ڈاؤن اور لازمی ویکسی نیشن سے کورونا کو روکا جاسکتا ہے۔اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک بند نہیں کر سکتے۔وفاقی وزیر نے کورونا ویکسی نیشن کرانے کے لیے ڈیڈ لائن دیے ہوئے کہا کہ ویکسین لگوانے کا عمل آسان ترین کر دیا گیا ہے،کئی لوگ کورونا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، 31 اگست تک ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے مزید سختیاں کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو اسکول لے جانے والے ڈرائیور، کنڈیکٹر، ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں کام کرنے والے ملازمین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار 31 اگست سے پہلے کورونا ویکسین لگوائیں، پبلک ڈیلنگ والے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے بھی ویکسی نیشن کی آخری تاریخ 31 اگست ہے، 18 سال سے زائد عمر کے طالب علم بھی 31 اگست تک ویکسی نیشن کروالیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا جن اساتذہ نے ویکسی نیشن نہیں کروائی وہ یکم اگست کے بعد اسکول نہیں جا سکتے۔سربراہ این سی او سی نے کہا کہ 31 اگست تک ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کے کام کرنے پر پابندی ہو گی، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، میرج ہالز میں کام نہیں کر سکیں گے، بس اڈوں اور عوامی مقامات پر کام کرنے والوں کے لیے بھی ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ یکم اگست سے ہوائی سفر کرنے والوں کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہو گی، کم از کم ایک ڈوز لگوانے والے مسافر ہی ہوائی جہاز پر سفر کر سکیں گے۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کراچی میں کیسز بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، کراچی میں وبا کا پھیلاؤ تیزی سے نظر آ رہا ہے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول 2 اگست 2021ء سے کھول دیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا،ایک دن میں 50 فیصد طلبہ کو اسکول بلانے کی اجازت ہوگی۔ادھر کورونا کا شکار عدالت عظمیٰکے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت ناساز ہو گئی، ڈاکٹرز نے ان کا 2بار معائنہ کیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی کو بولتے ہوئے تکلیف کا سامنا ہے، وہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر گھر میں قرنطینہ کیے ہوئے ہیں۔مزید برآںامریکی حکومت نے ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ جمعرات کو پاکستان کے حوالے کردی ہے۔ ٹیکوں کی یہ کھیپ کوویکس اور یونیسیف کے اشتراک سے فراہم کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں کینیڈین حکومت کی جانب سے پاکستان کو 162 موبائل وینٹی لیٹرز کا تحفہ دیا گیاہے۔



 

Comments