صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک) یمن میں سعودی اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ میں ہلاکتیں111 ہوگئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر مارب کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کی افواج کے درمیان جنگ کو 3روز گزرگئے اور جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔جنگ میں جانی نقصان کے حوالے سے فریقین کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں تاہم آزاد ذرائع کے مطابق 3روز میں 29 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ 82 حوثی باغی مارے گئے۔ درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بن گئیں اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق حوثی باغیوں نے قبضے کے لیے نئے حملے شروع کر رکھے ہیں۔مسلسل جھڑپوں کے باعث شہریوں کے پاس اشیائے ضروریہ کی قلت ہوگئی جب کہ سیکڑوں خاندان کسی طرح اپنی جانیں بچا کر پناہ گزین کیمپوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی نمائندے سمیت طبی اور ریسکیو تنظیموں نے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ یمن کی 6 سالہ جنگ میں ایک لاکھ 30 ہزار شہری ہلاک، 30 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے جب کہ 20 لاکھ بچوں کو قحط سالی کا سامنا ہے ۔یمن کے 24ملین شہریوں میں سے 80فیصد کا انحصار انسانی ہمدردی پر ملنے والی امداد پر ہے۔ یمن میں حوثی باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے جبکہ ان کے خلاف سعودی عسکری اتحاد برسرپیکار ہے۔
Comments
Post a Comment