نئی کرونا ایس او پی : کاروبار رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت تعلیمی اداروں میں سرگرمیوں کی محدود چھٹیوں کا فیصلہ آج ہوگا
اسلام آباد/ کراچی (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر) حکومت نے یکم جولائی سے کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ‘تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی محدود چھٹیوں کا فیصلہ آج ہوگا۔ پیر کووفاقی وزیر اسد عمر اور نیشنل کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل محمود الزمان کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں یکم جولائی سے کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی‘ ہوٹلوں اور ریستوران میں ان ڈور اور آئوٹ ڈور ڈائنگ رات 12 بجے تک ہوگی‘ ان ڈور کھانے پینے کی اجازت مجموعی گنجائش کا 50 فیصد ہوگی‘ شادی ہالوں کے باہر تقریبات کی اجازت 400 مہمانوں کے ساتھ مشروط ہوگی۔ پیٹرول پمپس، میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری اشیا کے کاروبار 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی ان ڈور ڈائنگ کی سہولت حاصل کرسکیں گے ‘ہوٹلز اور ریسٹورنٹ انتظامیہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا لائحہ عمل بنائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وبا کے علاقوں میں لاک ڈائون کا نفاذ ہوگا۔ ان ڈور اور آئوٹ ڈور عوامی، مذہبی ثقافتی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ مارشل آرٹ ، باکسنگ، واٹر پولو، کبڈی، ریسلنگ کے مقابلوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ جمز میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد جاسکیں گے۔ پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے سفری ایس او پیز جاری رہیں گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ، ریلوے70 فیصد سواریوں کے ساتھ چلے گی‘ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ ہفتے میں ایک دن تمام کاروبار بند ہوں گے‘ تفریحی پارکس اور سوئمنگ پولز 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی‘ بارڈرز کی بندش کا فیصلہ برقرار رہے گا۔ این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 18 جولائی سے یکم اگست تک دینے کی تجویز دے دی ہے تاہم اس کا فیصلہ (آج ) منگل کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا‘ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس 2 جولائی سے 2 اگست تک چھٹیاں دینے کے حق میں ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے ملک میں کورونا صورتحال کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 44 ہزار 496 ٹیسٹ کیے گئے اور 914 افراد میں مرض کی تشخیص ہوئی، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد رہی۔ایک روز میں کورونا سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے ‘ ان اموات میں سے سندھ میں 8، کے پی 4، پنجاب میں8 افراد کا انتقال ہوا‘اب تک 22 ہزار 231 مجموعی اموات ہو چکی ہیں اور 9 لاکھ 55 ہزار 657 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ پاک ویک کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ وفاقی حکومت کے حوالے کر دی گئی۔ذرائع این آئی ایچ کے مطابق قومی ادارہ صحت کی تیار کردہ پاک ویک کورونا ویکسین سنگل ڈوز ہے اور کھیپ 1 لاکھ 91 ہزار ڈوز پر مشتمل ہے۔ پاک ویک کی کھیپ مکمل طور پر پاکستانی ماہرین نے تیار کی ہے جو کل سے استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔ سندھ حکومت کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں مزید نرمی کے لیے این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرے گی۔ یہ فیصلہ پیر کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف سرگرمیوں پر عاید پابندیوں میں مزید نرمی کے حوالے سے این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کرے گی۔اجلاس میں مزارات ، تفریحی پارکس ، جمز اور سوئمنگ پول کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ٹاسک فورس نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ ان لوگوں کی بھی ویکسی نیشن کرائیں جن کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے محکمہ داخلہ کو این سی او سی سے مشورہ کرنے کی ہدایت کی۔ سندھ کے وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ سندھ میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے‘ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ شہری ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران کاروباری بندش کی وجہ سے ریسٹورنٹ مالکان کو ہونے والی مشکلات کا حکومت کو بخوبی اندازہ ہے‘یکم جولائی سے ڈائننگ کی اجازت دینے کی کوشش کی جائے گی‘ وزیر اعلیٰ سندھ چاہتے ہیں کہ اس طرح اقدامات کیے جائیں کہ عوام کو کورونا وبا سے بھی بچایا جائے اور کاروباری افراد کو لاک ڈائون کی وجہ سے ہونے والی پریشانی سے بھی نکالا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن ( ایکرا) کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین اسد حنیف، جنرل سیکرٹری فیضان راوت اور دیگر رہنما موجود تھے۔
Comments
Post a Comment